ایم کیو ایم لیبر ڈویژن 28 جون کو آئندہ کے لائحہ عمل کااعلان کرے گی

عامرخان کرپشن کررہے ہیں اورٹکٹ بیچ رہے ہیں، بہادرآباد والے ان کو ٹکٹ دے رہے ہیں جن کا ایم کیو ایم سے کوئی تعلق نہیں ہے،کاشف انجینئر

بدھ 27 جون 2018 15:41

ایم کیو ایم لیبر ڈویژن 28 جون کو آئندہ کے لائحہ عمل کااعلان کرے گی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2018ء) ایم کیو ایم پاکستان لیبرڈویژن کے انچارج کاشف انجینئر نے الزام عائد کیا ہے کہ بہادرآباد والے ایم کیوایم کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔ 28جون کو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے اورکارکنان جلد بہادر آباد والوں سے حساب لیں گے۔میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے 8 افراد کے ٹولے سے تنگ آنے کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ شاہد پاشا اورہمارا موقف ایک ہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرفاروق ستار کوسربراہ بنائیں، ہم کارکن کی حیثیت سے کام کرنے کو تیار ہیں۔ایم کیوایم بہادرآباد کے سینئر رہنما عامر خان پر الزام عائد کرتے ہوئے کاشف انجینئرنے دعوی کیا کہ وہ کرپشن کررہے ہیں اورٹکٹ بیچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہادرآباد والے ان کو ٹکٹ دے رہے ہیں جن کا ایم کیو ایم سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ایم کیوایم پاکستان لیبرڈویژن کے انچارج نے کہا کہ الیکشن میں ٹکٹ ایم کیو ایم پاکستان کے کارکنان اورشہدا کے اہل خانہ کو دینا چاہیے تھا۔

انٹرا پارٹی الیکشن کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم پر کسی کو قبضہ کرنے نہیں دیں گے۔کاشف انجینئرنے سوال کیا کہ وسیم اختر سے 9 ارب روپے کا حساب لینے والا کوئی نہیں ہی انہوں نے الزام عائد کیا کہ شہدا کے اہل خانہ کو 3ہزار روپے دینے کے لیے چکرلگوائے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ رابطہ کمیٹی کے ارکان دو دو حلقوں سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیصل سبزواری ایک کروڑ کی گاڑی لے سکتے ہیں،کارکنان کا نہیں سوچ سکتے۔ایم کیوایم پاکستان لیبرڈویژن کے انچارج کاشف انجینئر نے کہا کہ پانچ فروری کو جو فیصلہ ہوا تھا اس پر عمل درآمد نہیں ہوا۔