مراد علی شاہ! آپ نے ہمارے لیے کچھ نہیں کیا، ووٹرکا سابق وزیراعلیٰ سندھ سے شکوہ

بدھ 27 جون 2018 15:41

مراد علی شاہ! آپ نے ہمارے لیے کچھ نہیں کیا، ووٹرکا سابق وزیراعلیٰ سندھ ..
سیہون شریف(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2018ء) سابق وزیر اعلی سندھ سے ان کے حلقے میں ایک ووٹر نے شکوہ کیا ہے کہ آپ لوگوں نے ہمارے لیے کچھ نہیں کیا، مراد علی شاہ کو ووٹرز سے جان چھڑانی مشکل ہوگئی۔سیہون شریف کے حلقہ پی ایس 80 میں سابق وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کو انتخابی مہم کے دوران ان کی رہائش گاہ واہڑ سے نکلتے ہی ان کے ووٹرز نے گھیرلیا۔

ایک ووٹر نے اس موقع پر مراد علی شاہ سے شکوہ کیا کہ میرے والد پیپلز پارٹی کے کارکن ہیں مگر آپ نے ہمارے لیے کچھ نہیں کیا۔

(جاری ہے)

ووٹر کے سوال پر مراد علی شاہ نے پہلے تو اسے دلاسا دے کر خاموش کرانے کی کوشش کی لیکن ووٹر کے بار بار اصرار کرنے پر سابق وزیراعلی نے ناراضگی سے کہا کہ مجھے بھی سنو گے یا نہیں ووٹر کے نہ ماننے پر مراد علی شاہ وہاں سے چل دیئے،اس موقع پر ایک شخص اس تمام واقعے کی ویڈیو بنارہا تھا جسے سابق وزیراعلی سندھ نے ویڈیو بنانے سے بھی منع کیا اور اس کے نہ ماننے پر کیمرے پر ہاتھ دے مارا۔واضح رہے کہ انتخابات 2018 کے سلسلے میں مختلف ساسی و مذہبی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے اور آزاد امیدوار بھی اپنے حلقہ انتخاب میں الیکشن مہم چلاتے اور دورے کرتے نظر آرہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :