کلچرل کمپلیکس شکر پڑیاں اسلام آباد میں مبینہ بد عنوانی، نیب راولپن-ڈی نے سابق چیئرمین سی ڈی اے امتیاز عنائت الہٰی، ممبر فنانس سی ڈی اے سعید الرحمن اور دیگر کے خلاف احتساب عدالت میں ریفرنس دائرکر دیا

بدھ 27 جون 2018 15:47

کلچرل کمپلیکس شکر پڑیاں اسلام آباد میں مبینہ بد عنوانی، نیب راولپن-ڈی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2018ء) قومی احتساب بیورو(نیب) راولپن-ڈی نے کلچرل کمپلیکس شکر پڑیاں اسلام آباد میں مبینہ بد عنوانی میں ملوث ملزمان سابق چیئرمین سی ڈی اے امتیاز عنائت الہٰی، ممبر فنانس سی ڈی اے سعید الرحمن اور دیگر کے خلاف احتساب عدالت میں بد عنوانی کا ریفرنس دائرکر دیاگیا ہے۔

(جاری ہے)

ملزمان سابق چیئرمین سی ڈی اے امتیاز عنائت الہٰی، ممبر فنانس سی ڈی اے سعید الرحمن نے اختیارات کاناجائز استعمال کرتے ہوئے بغیر کوئی وجہ بتائے بد دیانتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تعمیراتی کام رکوایا جس سے قومی خزانے کو تقریباً 471.498 ملین روپے کانقصان پہنچا۔

نیب کے تفتیشی افسر ملک محمد زبیر نے احتساب عدالت اسلام آباد میں بدھ کو ریفرنس دائر کیا۔ ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی نعیم منگی نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی ہدایات کے تناظر میں بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی رقوم وصول کرنے کے لئے بھرپور کوششیں کی جارہی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ چئیرمین نیب نے نیب کے تمام افسران کو واضح ہدایات دی ہیں کہ نیب کے کام کے معیاری طریقہ کار ( ایس او پی) اور قانون پر عمل کرتے ہوئے ملک سے بد عنوانی کے خاتمے کے لئے بد عنوان عناصر اور اشتہاریوں کو گرفتار کرنے کے لئے ضروری اقدامات کئے۔