شہباز شریف کو اہل کراچی کی تضحیک مہنگی پڑ گئی

شہباز شریف نے کراچی کو "کرانچی" کہہ کر اہل زبان کا مذاق اڑانے کی کوشش کی، شہباز شریف اب آپ کے کراچی سے انتخاب لڑنے کی کوئی گنجائش نہیں رہی،تحریک اںصاف کے رہنما عمران اسماعیل نے بھی کھری کھری سنا دیں

Muqadas Farooq مقدس فاروق اعوان بدھ جون 15:46

شہباز شریف کو اہل کراچی کی تضحیک مہنگی پڑ گئی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جون2018ء) ن لیگی صدر شہباز شریف کو اہل کراچی کی تضحیک مہنگی پڑ گئی۔ انتخابی مہم کے آغاز میں عوام کے دل جیتنے کی بجائے کراچی والوں کا دل دکھا بیٹھے۔ سوشل میڈیا پر کراچی کے شہریوں کی شہباز شریف پر کڑی تنقید دیکھنے میں آئی ہے۔جب کہ تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل نے بھی اس متعلق ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔

جس میں عمران اسماعیل نے کہا کہ شہباز شریف کراچی آئے تو عوام نے شہباز شریف کا استقبال کیا۔ بدلے میں شہباز شریف نے اہل کراچی کی تضحیک کی ۔۔شہباز شریف نے کراچی کو "کرانچی" کہہ کر اہل زبان کا مذاق اڑانے کی کوشش کی۔اہل کراچی کو "پان" کا طعنہ دیکر شہباز شریف نے طنز کے نشتر برسائے۔عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ شہباز شریف سن لو "پان" ہماری ثقافت کا حصہ ہے۔

(جاری ہے)

کیا پان کھانے والے جانور ہوتے ہیں؟۔ شہباز شریف تضحیک اور توہین کرکے اہل کراچی پر حکومت کے خواب دیکھ رہے ہیں،،شہباز شریف کو علم نہیں کراچی بانیان پاکستان کی اولاد ہیں، شہباز شریف اب آپ کے کراچی سے انتخاب لڑنے کی کوئی گنجائش نہیں۔ ملک کے دیگر حصوں کی طرح کراچی سے بھی آپ کو بھگائیں گے، شہباز شریف کو کراچی سے شکست فاش ہوگی۔یاد رہے شہباز شریف نے انتخابی مہم کے حوالے سے کراچی کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے کراچی کو مضحکہ خیز انداز میں "کرانچی " کہا تھا۔

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستاراور پی ٹی آئی رہنما عمران اسماعیل نے شہبازشریف سے گزشتہ روز کے بیان پرمعافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔فاروق ستارنے کہاکہ اہلیان کراچی سے متعلق شہبازشریف کا بیان ہتک آمیزہے، شہبازشریف کوزبان اورالفاظ کے استعمال میں خیال برتنا چاہیے، شہبازشریف کے لب ولہجے میں تکبراورغرور جھلک رہا تھا جواللہ کو بھی پسند نہیں۔