کمشنر فیصل ۱ٓباد کی ہسپتالوں میں طبی مشینری کو فعال اور تمام تر تشخیصی انتظامات کو چوکس رکھنے کی ہدایت

بدھ 27 جون 2018 15:56

فیصل آباد۔27 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2018ء) ڈویژنل کمشنر فیصل ۱ٓباد آصف اقبال نے الائیڈ ہسپتال کی انتظامیہ سے کہا ہے کہ مریضوں کے دبائو کے پیش نظر بہترین انتظامی حکمت عملی اختیار کریں تاکہ علاج کیلئے رجوع کرنے والے کسی مریض کو شکایت پیدا نہ ہو۔انہوں نے یہ بات الائیڈ ہسپتال کے دورہ کے دوران مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے حوالے سے بریفنگ لیتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر آر پی او غلام محمودڈوگر، قائمقام وائس چانسلر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی ترمذی ‘ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ الائیڈ ہسپتال ڈاکٹر خرم الطاف‘ایڈیشنل کمشنر کو۱ٓرڈینیشن مہر شفقت الله مشتاق ‘ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹس ڈاکٹر اکرم چیمہ ‘ ڈاکٹر فہیم اور دیگر ڈاکٹرز و ہیڈ نرس بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈویژنل کمشنر نے فیصل آباد ڈویژن سمیت اردگرد کے اضلاع سے بھی آنے والے مریضوں کو علاج معالجہ کی طبی سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں الائیڈ ہسپتال کی مجموعی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ طبی انتظامات کو ہمہ وقت چوکس رکھا جائے تاکہ مریض ہسپتال کی کارکردگی سے مطمئن رہیں۔

انہوں نے ڈاکٹرز و سٹاف سے کہا کہ وہ عزم و جذبے کے ساتھ فرائض انجام دیتے ہوئے مریضوں کے علاج معالجہ اورنگہداشت کے لئے سروسز کا اعلی معیار قائم کریں تاکہ ہسپتال پر عوامی اعتماد مزید مضبوط ہو۔انہوں نے انتظامی افسران سے کہا کہ ہسپتال میں صفائی ستھرائی پر ان کی خصوصی توجہ ہونی چاہئے جس سے صحت کی سہولتوں کا اچھا تاثر ابھرتا ہے۔انہوںنے طبی مشینری کو فعال اور تمام تر تشخیصی انتظامات کو چوکس رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اعلی نظم و نسق ان کا طرہ امتیاز ہونا چاہئے۔

ڈویژنل کمشنر نے علاج معالجہ کے سلسلے میں مریضوں کی مکمل رہنمائی کرنے اور سٹاف کی طرف سے بہترین حسن سلوک پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال انتظامیہ کو درپیش بعض انتظامی مسائل حل کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔آر پی او غلام محمود ڈوگر نے ہسپتال میں حفاظتی امور کا جائزہ لیتے ہوئے ضروری ہدایات جاری کیں۔قائمقام وائس چانسلر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی ترمذی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ الائیڈ و ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال اور گورنمنٹ جنرل ہسپتال غلام محمد آباد کا فیصل آ باد میڈیکل یونیورسٹی سے الحاق ہے اور یہ پاکستان کا سب سے بڑا انسٹی ٹیوشن ہے جہاں سالانہ 400 طالب علم داخل ہوتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ محدود وسائل کے باوجود الائیڈہسپتال مریضوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ انہوںنے الائیڈ ہسپتال میں شعبہ گائنی و میڈیسن کے مسائل سے اگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں شعبوں کی اپ گریڈیشن کے منصوبے بھی زیر غور ہیں۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر خرم الطاف نے مریضوں کی فلاح و بہبود اور سہولت کے لئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا اور کہا کہ مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے ہسپتال میں تمام انتظامات کو فعال رکھا جارہا ہے ۔انہوںنے ہسپتال میں مریضوں کے دبائو ‘ دستیاب بجٹ‘آئندہ کے طبی منصوبوں اور علاج معالجہ کی موجودہ سہولتوں کی تفصیلات سے بھی ۱ٓگاہی فراہم کی ۔