اسسٹنٹ کمشنرزکو عام انتخابات کے شفاف انعقاد کیلئے متعلقہ اداروں اور عدلیہ کو مکمل انتظامی معاونت فراہم کرنے کی ہدایت

بدھ جون 15:56

فیصل آباد۔27 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جون2018ء) تمام اسسٹنٹ کمشنرزکو عام انتخابات کے احسن انداز میں شفاف انعقاد کیلئے متعلقہ اداروں اور عدلیہ کو مکمل انتظامی معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے اور ڈپٹی کمشنر سید احمد فوا دکی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ نہ صرف عام انتخابات کے احسن انداز میں انعقاد کیلئے متعلقہ اداروں اور عدلیہ کو مکمل انتظامی معاونت فراہم کریں بلکہ اس سلسلہ میں پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کرکے وہاں ضروری انتظامات اور سہولیات کویقینی بنایا جائے،انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز سے کہا کہ وہ مانیٹرنگ افسران کی کارکردگی پر بھی نظر رکھیں اور انتخابی مہم کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی پابندی کویقینی بنایا جائے،انہوں نے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کا اجلاس طلب کرکے انہیں ضابطہ اخلاق کی تفصیلات سے آگاہ کرنے کی بھی ہدایت کی،انہوں نے کہا کہ پولنگ سٹاف اور سامان کی ترسیل کیلئے جامع ٹرانسپورٹ پلان مرتب کریں تاکہ یہ مرحلہ خوش اسلوبی سے طے ہوسکے،ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تحصیلوں میں اعلیٰ نظم ونسق کو برقرار رکھیں اورمختلف علاقوں کا دورہ کرکے بہترین صفائی ستھرائی سمیت عوامی ریلیف کے دیگر اقدامات جاری رکھیں،انہوں نے سرکاری ہسپتالوں ومراکز صحت میں علاج معالجہ کی سہولیات کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ سٹاف کی حاضری اور ادویات کی دستیابی کو خصوصی طور پر چیک کیاجائے۔