جماعت اسلامی 1947ء کے شہداء اور غازیوں کے مشن کی تکمیل کی جدوجہد کررہی ہے،ڈاکٹر خالد محمود،عبدالرشید ترابی

بدھ جون 16:06

ہاڑی گہل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جون2018ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی 1947ء کے شہداء اور غازیوں کے مشن کی تکمیل کی جدوجہد کررہی ہے ،سردار احمد خان مرحوم نے 1947ء میں جہاد آزادی کو منظم کیا ،پونچھ کے محاذ پر داد شجاعت دیتے ہوئے گرفتار ہوئے جموں جیل اور بعد ازاں دہلی جیل میں رہے ،ان کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے بقیہ کشمیر کی آزادی کے لیے آزاد خطے کو حقیقی بیس کیمپ بنایا جائے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے تحریک آزادی کشمیر کے نامور ہیرو سردار احمد خان مرحوم کے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،سردار احمد خان مرحوم کی نماز جنازہ کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی بے پڑھائی ،نماز جنازہ میں سیاسی ،سماجی اور مذہبی شخصیات سمیت بڑی تعداد میں سول سوسائٹی نے شرکت کی،تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ یہ دنیا فانی ہے ہر ذی روح نے موت کا مزہ چکھنا ہے ،کامیاب وہ ہو گیا جس نے مہلت عمل سے درست استفادہ کیا ،یہ دنیا آخرت کی کھیتی ہے اس میں جو کچھ بوئیں گے وہ ہی آخرت میں کاٹیں گے ،انہوں نے کہاکہ سردار احمد خان مرحوم سمیت ہمارے اسلاف نے اس خطے کو صرف اس لیے آزاد کروایا تھا کہ یہاں اللہ کا قانون چلے گا ،اور اللہ کی مخلوق کو عدل فراہم کیا جائے گا ہمارے اسلاف کا یہ مشن ابھی ادھورا ہے اس مشن کی تکمیل کے لیے جماعت اسلامی میدان عمل میں ہے ،دریں اثناء عبدالرشید ترابی نے لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سردار احمد خان کی جہاد آزادی میں گراں قدر خدمات ہیں 1947ء میں انہوں نے مشکل حالات میں اس خطے کو آزاد کروانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کیا جہاد کو منظم کیا ان کی وفات سے تحریک آزادی کا ایک عہد تمام ہوا اللہ تعالیٰ آپ سب کو صبر کی توفیق دے اور مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ۔