آزادجموں وکشمیریونی ورسٹی میں میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا ،جامعہ کا معیار بلند کرنے کیلئے فیکلٹی اورایڈمنسٹریٹو سٹاف اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے

وائس چانسلر جامعہ کشمیر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی کا تقریب سے خطاب

بدھ 27 جون 2018 16:07

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 جون2018ء) وائس چانسلر جامعہ کشمیر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے کہا ہے کہ آزادجموں وکشمیریونی ورسٹی میں میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا ،جامعہ کا معیار بلند کرنے کیلئے فیکلٹی اورایڈمنسٹریٹو سٹاف اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے،آزادکشمیر کے عوام خوش قسمت ہیں کہ صدر ریاست اور وزیراعظم کی صورت میں میرٹ کی علمبردار قیادت میسر ہے جنھوں نے آزادکشمیر یونیورسٹی کو بھی بھرپور سپورٹ فراہم کی ،جامعہ کشمیر کے ملازمین اثاثہ ہیں ،ان کے مسائل حل کرنے کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا،ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایڈمنسٹریٹو سٹاف ایسوسی ایشن،افسران و ملازمین کے اعزاز میں اپنی جانب سے منعقدہ عید ملن پارٹی سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ایڈمنسٹریٹو سٹاف ایسوسی ایشن طاہر عظیم راٹھور ،جنرل سیکرٹری محمد رفیق قریشی نے کہا کہ جامعہ کی سربلندی اور ملازمین کی عز ت و وقار کا ہمیشہ تحفظ کیا جائے گا ،ریاست کی پہلی جامعہ کی بہتری کیلئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی اور ان کی ٹیم کے ساتھ شانہ بشانہ کام کریں گے،وائس چانسلر نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ یونی ورسٹی کی قومی اور بین الااقوامی سطح پر رینکنگ میں اضافہ کیلئے تمام افسران ،ملازمین اور فیکلٹی ممبران کمر بستہ ہو جائیں ،اس جامعہ کو پاکستان بھرکا ماڈل تعلیمی ادارہ بنایا جائے گا،اس موقع پر عید ملن پارٹی میں ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی ،تقریب میں جامعہ کے ریٹائرڈ ملازمین کو ان کی خدمات کے اعتراف میں ایسوسی ایشن کی جانب سے تحائف اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔