آسٹریا اور آسٹریلیا میں پاکستانی نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد تعلیم حاصل کر رہی ہے،

اس سلسلہ میں دونوں ممالک کے ساتھ تعاون میں مزید اضافہ کی ضرورت ہے صدر مملکت ممنون حسین کی آسٹریا اور آسٹریلیا کیلئے نامزد سفیروں منصور احمد خان اور بابر امین سے بات چیت

بدھ 27 جون 2018 16:22

آسٹریا اور آسٹریلیا میں پاکستانی نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد تعلیم ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2018ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ آسٹریا اور آسٹریلیا میں پاکستانی نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد تعلیم حاصل کر رہی ہے، اس سلسلہ میں دونوں ممالک کے ساتھ تعاون میں مزید اضافہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو آسٹریا اور آسٹریلیا کیلئے پاکستان کے نامزد سفیروں منصور احمد خان اور بابر امین سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

صدر ممنون حسین نے دونوں نامزد سفیروں کو ہدایت کی کہ وہ دونوں ممالک کے ساتھ تجارتی اور کاروباری وفودکے دوروں کے تبادلے کے پروگرام بنائیں اور ثقافتی تعاون میں اضافہ کیلئے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریا اور آسٹریلیا اہم ممالک ہیں جن کے ساتھ پاکستان تمام شعبوں میں تعلقات اور تعاون میں اضافہ کا خواہشمند ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے نامزد سفیروں کو ہدایت کی کہ دونوں ممالک میں پاکستان کا مثبت تاثر اجاگر کرنے اور ملک میں سیاحت کے فروغ کیلئے ان ملکوں میں حالات سازگار بنائے جائیں اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافہ کیلئے نئے مواقع تلاش کئے جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے تاجروں سے ذاتی طور پر اور تاجروں کی تنظیموں کے درمیان تعلق کو مضبوط بنایا جائے جس سے دونوں ممالک فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ صدر مملکت نے مزید کہا کہ وہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے دونوں ملکوں کے سرمایہ کاروں کو راغب کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ وہ پاکستانی افرادی قوت میں اضافہ کیلئے کوشش کریں اور وہاں موجود پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کریں۔