نظر انداز کئے گئے علاقوں میں بھی ترقیاتی کام کروا رہے ہیں، چیئرمین بلدیہ شرقی

بدھ جون 16:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جون2018ء) چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے کہا ہے کہ ضلع شرقی کے تمام علاقے میرے علاقے ہیں، کسی علاقے میں کسی بھی پارٹی کے ووٹرز، سپورٹرز موجود ہوں ہمارا مقصد بلدیاتی سہولیات ہر ایک تک پہنچانا ہے، یہ تاثر غلط ہے کہ علاقوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے محدود وسائل کی وجہ سے ہر یوسی میں بیک وقت کام سر انجام نہیں دے پا رہے ہیں ، لیکن یہ بات سامنے ہے کہ ماضی میں نظر انداز کرنے والے کاموں میں بھی ترقیاتی کام سر انجام دئیے ہیں جس پر ان علاقوں کے مکین بیحد خوش ہیں ، عوام کو مسائل میں ڈوبا دیکھکر وہ کام بھی کئے جو کہ دیگر اداروں کے کرنے کے تھے مگر اب وقت آگیا ہے کہ دوسرے ادارے اپنے کاموں کی ذمہ داری لیں تاکہ ہم اپنے دائرہ کار کے لحاظ سے زیادہ سے زیادہ خدمات سر انجام دے سکیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق ایم این اے قمر عباس ، میونسپل کمشنر بلدیہ شرقی اختر علی شیخ ، ایس ای ایسٹ طارق مغل، یوسی 19 کے چیئرمین محمد شاہد خان و علاقہ مکینوں کے ہمراہ یوسی 19 اور 14 کے مختلف علاقوں میں بلدیاتی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق یوسی 19 امین آباد میں سیوریج لائنوں کی تنصیب کے حوالے سے اقدامات یقینی بنائے جارہے ہیں ، اس سلسلے میں چیئرمین معید انور نے تمام کاموں کا معائنہ کرنے کے بعدسیوریج کے کاموں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایات دیں، علاوہ ازیں انہوں نے مینا بازار میں سیوریج لائنوں کی تنصیب کے کاموں کے بعد سڑک کی استرکاری کرنے کے حوالے سے ہدایات جاری کیں۔

مزیدبراں انہوں نے یوسی 14 کراچی سینٹرل جیل روڈ کے اطراف تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے ٹھوس عملی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ آپریشن اس انداز میں یقینی بنائیں کہ دوبارہ تجاوزات قائم نہ ہونے پائیں،تجاوزات کا خاتمہ ہماری ترجیح ہے لہزا اب کوشش کی جائے کہ اس سلسلے میں اقدامات بھی موثر ہونا چاہیئں، اس موقع پر ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ زاہد بن خلیل، ایکسی این ایم اینڈ ای مبین شیخ و دیگر افسران بھی موجود تھے۔