چیف سیکرٹری آزادمیاں وحید الدین سے سوئیزرلینڈ کے سفیر تھامس کولے کی ملاقات

چیف سیکرٹری نے سوئس سفیر کو مسئلہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال اور قابض بھارتی فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالہ سے آگاہ کیا

بدھ جون 16:29

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جون2018ء) چیف سیکرٹری آزادجموں وکشمیر میاں وحید الدین سے سوئیزرلینڈ کے سفیر تھامس کولی(Thomas Kolly)نے بدھ کے روز انکے آفس چیمبر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری آزادکشمیر نے سوئیزرلینڈ کے سفیر کو مسئلہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال اور قابض بھارتی فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالہ سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ ہندوستان کی قابض افواج مقبوضہ کشمیر میں بدترین ریاستی دہشتگردی کی مرتکب ہو رہی ہیں۔ نہتے کشمیریوں پر ظلم وبربریت کی انتہا کی جار ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم وتشدد کے نئے نئے طریقے شروع کر رکھے ہیں۔جن کا مقصد کشمیریوں کی آواز کو دبانا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر کے لوگوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دیا گیا ہے لیکن بھارت کشمیریوں کو یہ حق دینے سے گریزاں ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سے مقبوضہ وادی میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کروانے کے لیے مہذب اقوام اپنا کردار ادا کریں اور بھارت پر دبائو ڈالیں کہ وہ کشمیریوں کو انکا بنیادی حق ، حق خودارادیت دے اس صورت میں جنوبی ایشیاء میں امن کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے۔