دنیا میں 27کروڑ افراد منشیات کے عادی ہیں، اقوام متحدہ

دنیا میں منشیات کی سب سے زیادہ مانگ یورپ میں ہے ،75فیصد یورپی نشے کا استعمال کرتے ہیں، نئی نسل کو اس لعنت سے دور رکھنے کیلئے ہنگامی اقدامات کی ضرورت ہے، رپورٹ

بدھ 27 جون 2018 16:34

جنیوا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 جون2018ء) اقوام متحدہ کی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ اس وقت دنیا میں تقریبا 27کروڑ افراد منشیات کے عادی ہیں، دنیا میں منشیات کی سب سے زیادہ مانگ یورپ میں ہے ،75فیصد یورپی نشے کا استعمال کرتے ہیں، نئی نسل کو اس لعنت سے دور رکھنے کیلئے ہنگامی اقدامات کی ضرورت ہے۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق اس وقت دنیا میں تقریبا 27کروڑ افراد منشیات کے عادی ہیں جو کہ ذہنی دبا اور دیگر امراض سے وقتی سکون حاصل کرنے لئے اس لعنت کا سہارا لیتے ہیں۔

اقوامِ متحدہ کی جانب سے ہر سال 26 جون کو دنیا بھر میں منشیات کے استعمال اور اس کی غیر قانونی تجارت کے خلاف عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔دنیا بھر کے معاشروں میں بڑھتی ہوئی منشیات نوشی پر 7 دسمبر 1987 کو اقوام متحدہ نے اس دن کو ہر سال 26 جون کو منانے کا فیصلہ کیا تھا ۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق، اس وقت پوری دنیا میں منشیات کی سب سے زیادہ مانگ یورپ میں ہے جہاں تقریبا 75 فیصد لوگ ذہنی دبا اور دیگر امراض سے وقتی سکون حاصل کرنے لئے منشیات کا سہارا لیتے ہیں۔

دنیا میں تقریبا 27کروڑ افراد منشیات کے عادی ہیں۔ منشیات کا استعمال سب سے زیادہ امریکہ میں ہوتا ہے جبکہ ہیروئن کے استعمال میں تعداد کے حوالے سے ایشیا سرفہرست ہے۔طبی اور نفسیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ نئی نسل میں نشہ آور اشیا کے استعمال کا رجحان درحقیقت دولت کی انتہائی فراوانی یا انتہائی غربت، دوستوں کی بری صحبت، جنس مخالف کی بے وفائی، اپنے مقاصد میں ناکامی، حالات کی بے چینی اور مایوسی، والدین کی بچوں کی طرف سے بے اعتناہی، معاشرتی عدم مساوات ناانصافی اور والدین کے گھریلو تنازعات بھی نشہ کے آغاز کے اسباب ہو سکتے ہیں۔ اس دن کے منانے کا مقصد بھی یہی ہے کہ ایسے اسباب کو دور کیا جائے یا انھیں کم کیا جائے تاکہ نئی نسل منشیات کی لعنت سے بچ سکے۔