دسویںدفاعی نمائش آئیڈیاز 2018 ، 27 سے 30 نومبر تک ایکسپوسینٹرکراچی میںمنعقد ہوگی

نمائش کے انعقاد سے پاک فوج کے تینوں شعبہ جات کو اپنی عسکری قوت نمایاں کرنے کا موقع ملتا ہے،نگراں وزیراعلیٰ سندھ بین الاقوامی دفاعی نمائش کے ساتھ ساتھ سیمینار اور ثقافتی پروگرامز بھی منعقد کیے جائیں گے،ڈی جی ڈیپو میجر جنرل محمود حیات کی بریفنگ

بدھ 27 جون 2018 17:08

دسویںدفاعی نمائش آئیڈیاز 2018 ، 27 سے 30 نومبر تک ایکسپوسینٹرکراچی میںمنعقد ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2018ء) سندھ کے قائم مقام وزیر اعلیٰ فضل الرحمن نے کہا ہے کہ دفاعی سازو سامان کی نمائش آئیڈیاز 2018ء ٹیکنالوجی کی ترقی اور خطے میں برآمدات کے فروغ کی حوصلہ افزائی کرے گی۔ اس نمائش کا مقصد اس شعبے میں ترقی اور پاکستان کی دفاعی مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ ہے۔سندھ کے قائم مقام وزیر اعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار 10 ویں دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018ء کی دوسری اسٹیئرنگ کمیٹی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا جو وزیر اعلیٰ سندھ سیکریٹریٹ میں منعقد ہوئی۔

ڈیفینس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن آئیڈیاز 2018ء کا انعقاد 27 نومبر سے 30 نومبر تک کراچی ایکسپو سینٹر میں کرے گی۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ اس نمائش سے پاکستان کے اسٹریٹجک تعلقات کو مزید استحکام حاصل ہوگا اور عالمی برادری کے ساتھ یہ مزید فروغ پائیں گے۔

(جاری ہے)

اس نمائش سے عالمی مقاصد جیسے امن وامان، استحکام اور توازن حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ سال 2000ء سے آئیڈیاز کے انعقاد میں حکومتی اداروں، پاکستان کی مسلح افواج، امن و امان قائم کرنے والے اداروں، دفاعی مصنوعات کی صنعت، تجارتی انجمنوں اور کراچی کے عوام کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔وسری اسٹیئرنگ کمیٹی میٹنگ کے اجلاس میں نمائش کے حوالے سے جاری تیاریوں کا جائزہ لے کر انہیں مزید تیز تر کرنا تھا۔ اجلاس میں وفاقی وزارتوں سے تعلق رکھنے والے نمائندگان، حکومتی سندھ کے افسران، مسلح افواج، امن وامان قائم کرنے والے ادارے اور پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈی جی (ڈیپو) میجر جنرل احمد محمود حیات، ہلال امتیاز (ملٹری) نے نمائش کے حوالے سے بتایا کہ آئیڈیاز سال 2000ء سے لے کر اب تک یہ نمائش دفاعی مینوفیکچررز، کاروباری مالکان، آر اینڈ ڈی ماہرین، مالیاتی ماہرین اور اعلیٰ سطح کے پالیسی سازوں کے لیے ایک اہم نمائش بن گئی ہے جس سے باہمی تعاون، معلومات اور منصوبوں کو فروغ ملتا ہے۔ آئیڈیاز ملکی اور غیر ملکی دفاعی صنعت کو قریب لاتی ہے جس سے ان کے کاروباری تعلقات مضبوط اور صنعت کو ترقی حاصل ہوتی ہے۔

اس موقع پر عالمی سیمینار، بری، بحری اور فضائی موضوعات پر کانفرنسز، پاکستان آرمی اور بری افواج کی عسکری قوت کو نمایاں کرنا، ثقافتی شو، اور حکومتی اور نجی اداروں کے درمیان تجارتی معاہدے عمل میں آتے ہیں۔ اس کے علاوہ 29 نومبر کو کراچی کے شہریوں کے لیے سی ویو پر کراچی شو کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ اس اجلاس میں تمام حکومتی اداروں اور محکموں کی طرف سے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا گیا تاکہ اس نمائش کو کامیاب بنایا جاسکے۔