سی ٹی ڈی کی کارروائی ،کالعدم تحریک طالبان اور ایم کیو ایم حقیقی کے 5ملزمان گرفتار ،اسلحہ برآمد

ملزم شفیع الدین رینجرز پر حملے میں ملوث ہے جس میں ایک حوالدار شہید ہوگیا تھا،انچارج سی ٹی ڈی چوہدری صفدر کی پریس کانفرنس

بدھ جون 17:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جون2018ء) سی ٹی ڈی پولیس کارروائی کرتے ہوئے سنگین جرائم میں ملوث کالعدم تحریک طالبان اور ایم کیو ایم حقیقی کے 5ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ہے ۔گرفتار ہونے والے ملزمان میں ایک ڈاکٹر بھی شامل ہے ۔انچار ج سی ٹی ڈی چوہدری صفدر نے بدھ کو اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ سی ٹی ڈی نے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 5ملزمان کو گرفتا رکرلیا ہے ۔

4ملزمان عبدالرحمان ،ملک رضوان ،عبداللہ اور انعام داد کا تعلق کالعدم تحریک طالبان اورشفیع الدین عرف کالا کاتعلق ایم کیو ایم حقیقی سے ہے ۔انہوںنے بتایا کہ گرفتار ملزم عبدالرحمان ،ملک رضوان طالبان کے لئے چندہ جمع کررہے تھے۔ملزمان نے افغانستان سے جہادی ٹریننگ بھی حاصل کررکھی ہے۔

(جاری ہے)

ملزم عبدالرحمان پیشے سے ڈاکٹر ہے۔ ملزمان سے چندے کے باکس اورضرب لگے تین پستول برآمدکرلیے گئے ہیں ۔

انہوںنے بتایا کہ ملزم عبداللہ اور انعام دادا کا تعلق تحریک طالبان ولی محمد گروپ سے ہے۔ دونوں ملزمان دہشت گردی کی غرض سے مچھر کالونی میں موجود تھے۔چوہدری صفدر نے کہا کہ گرفتار ملزم شفیع الدین عرف کالا ایم کیو ایم حقیقی کا کارکن ہے۔ ملزم شفیع الدین رینجرز پر حملے میں ملوث ہے جس میں ایک حوالدار شہید ہوگیا تھا ۔اس کے خلاف تھانہ کورنگی کے 23 مقدمات درج ہیں ۔ملزما ن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے ۔مزید تفتیش کا عمل جاری ہے جس میں اہم انکشافات متوقع ہیں ۔