خانہ کعبہ پر مائع مواد چھڑکنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

بوتل میں موجود مائع کی حقیقت جاننے کے لیے ایک نئی بحث چھڑ گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 27 جون 2018 17:15

خانہ کعبہ پر مائع مواد چھڑکنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل
مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 جون 2018ء) :سوشل میڈیا پر گذشتہ رات سے خانہ کعبہ میں بنائی گئی ایک ویڈیو کے چرچے ہیں ، اس ویڈیو میں ایک شخص کو خانہ کعبہ کے پاس کھڑے ہو کر بوتل میں موجود مائع مواد خانہ کعبہ کے غُلاف پر گراتے ہوئے دیکھا گیا۔ ویڈیو میں دیکھا گیا کہ خانہ کعبہ میں موجود ایک نوجوان طواف کے دوران ہی خانہ کعبہ کے پاس رُک گیا۔

ویڈیو میں دیکھا گیا نوجوان سفید رنگ کے عربی جبہ میں ملبوس تھا ۔ اس کی عمر لگ بھگ بیس ، پچیس سال کے درمیان معلوم ہوتی ہے۔ خانہ کعبہ کے پاس رُکنے کے بعد نوجوان نے نے اپنے لباس کی جیب میں سے ایک بوتل نکالی اس بوتل میں مائع حالت میں کوئی شے موجود تھی جو اس نے خانہ کعبہ کے غُلاف پر بہا دی۔ یہی نہیں بوتل کو خانہ کعبہ پر
اُنڈیلتے ہوئے نوجوان نے کسی نامانوس زبان میں چلاتے ہوئے زائرین کو مخاطب کر کے کچھ کہا بھی۔

(جاری ہے)

یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین دم بخود رہ گئے۔

بوتل میں موجود مائع مواد سے متعلق ایک نئی بحث بھی چھڑ گئی۔

کچھ صارفین نے کہا کہ اس بوتل میں پٹرول موجود تھا اور نوجوان نے خانہ کعبہ پر پٹرول چھڑک کر نعوذبااللہ خانہ کعبہ کو آگ لگانے کی کوشش کی۔لیکن کچھ صارفین نے اس تاثر کی نفی کی اور کہا کہ ہو سکتا ہے کہ نوجوان نے بوتل میں آب زم زم یا کوئی عطر بھر رکھا ہو اور خانہ کعبہ پر چھڑکنا چاہتا ہو۔ سوشل میڈیا پر موجود ہر صارف نے اپنے اپنے اندازے کے مطابق اس ویڈیو پر تبصرہ کیا۔

میڈیا ذرائع نے بتایا کہ ویڈیو میں موجود نوجوان کی اس حرکت پر حفاظتی ڈیوٹی پر موجود اہلکار حرکت میں آ گئے او فوری طور پر اس نوجوان کے ہاتھ سے نہ صرف بوتل چھین لی بلکہ اس کو گرفتاربھی کر لیا۔ نوجوان کو گرفتار کرنے کے بعد تحقیقات کا آغاز تو کر دیا گیا ہے لیکن تاحال اس نوجوان سے متعلق کوئی اور خبر سامنے نہیں آئی۔ خیال رہے کہ خانہ کعبہ دنیا بھر کی مسلم امہ کے لیے ایک مقدس ترین مقام تصور کیا جاتا ہے جہاں سال بھر زائرین کی آمد کا سلسلہ جای رہتا ہے۔

دنیا بھر کے ملسمان ہر سال حج کے موقع پر خانہ کعبہ میں اکٹھے ہوتے اور اس موقع پر مسلمانوں کا ایک تاریخی اجتماع دیکھنے میں آتا ہے جسے دیکھ کر ایمان تازہ ہو جاتا ہے۔خانہ کعبہ میں کئی مسلمان اپنے ذہنی سکون اور پریشانیوں کے ازالے کے لیے اللہ کے حضور پیش ہوتے ہیں اور اپنی زندگیوں میں درپیش مسائل کا رو رو کر حل طلب کرتے ہیں۔ لیکن حال ہی میں خانہ کعبہ میں خود کُشی کے واقعات دیکھنے میں آئےجنہوں نے مسلمانوں کے رونگٹے کھڑے کر دئے۔

خانہ کعبہ کے سامنے خود کُشی کرنے والے افراد کو دیکھ کر ایک ہی سوال ذہن میں اُبھرا کہ کیا کوئی اس قدر پاک اور پُر سکون جگہ پر آ کر بھی ایسی حرکت کر سکتا ہے؟ کیونکہ خانہ کعبہ کے تقدس کے پیش نظر کسی بھی غیر مسلم کو خانہ کعبہ کے حدود میں قدم رکھنے کی بھی ہرگز اجازت نہیں ہے۔ تاہم اس ویڈیو کی حقیقت سامنے آنے تک کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔