مقبوضہ کشمیر:بھارتی فورسز نے کشمیری نوجوانوں کیخلاف اعلان جنگ کر رکھا ہی: فریڈم پارٹی

بدھ 27 جون 2018 17:26

سری نگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میںجموں وکشمیر ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے رات کے دوران چھاپوں اور معصوم نوجوانوں کوگرفتار کئے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فورسز نے کشمیری نوجوانوں کیخلاف اعلان جنگ کر رکھا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق فریڈم پارٹی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی پولیس کی طرف سے ضلع پلوامہ کے علاقوں کاکا پورہ اور سامبورہ میں6 نوجوانوں کو گرفتارکرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی فورسز کسی بھی رہائشی مکان میں گھس کرمعصوم نوجوانوں کو گرفتار کرلیتی ہیں، بزرگوں اور خواتین کی تذلیل اور مکینوں پر تشدد کرتی ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ ان ظالمانہ کارروائیوں سے تشدد میں اضافے کا خطرہ ہے کیونکہ نوجوان بھارت کی اس ریاستی دہشت گردی کی وجہ سے تشدد کی طرف مائل ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کا جینا حرام کردیا گیا ہے اوران کا قصور صرف یہ ہے کہ وہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی کیخلاف اور اپنے سیاسی حقوق کے لیے آواز بلند کرتے ہیں۔ترجمان نے کہاکہ سینکڑوں نوجوانوں کوجیلوں اور پولیس تھانوںمیں نظر بند رکھا گیا ہے اور اٴْن کیخلاف مختلف من گھڑت کیس درج کئے جارہے ہیں جس سے ان کا تعلیمی کیریئر متاثر ہورہا ہے۔

انہوںنے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ کشمیرسے متعلق اپنی حالیہ رپورٹ کی سفارشات پر عملدر آمد کے لیے اقدامات کرے تاکہ علاقے میں جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کو روکا جاسکے۔دریں اثنائفریڈم پارٹی کا ایک وفد ایڈوکیٹ فیاض احمدسوداگر کی قیادت میں سوپٹ قاضی گنڈ گیا اور شہیدنوجوان شکور احمد ڈار کے اہلخانہ سے یکجہتی ا ور ہمدردی کا اظہار کیا۔