راؤ تحسین کی بطور ڈی جی ریڈیو تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری نہ کئے جانے پر متعلقہ حکام کے خلاف درخواست کی سماعت

بدھ 27 جون 2018 18:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جون2018ء) اسلام آباد ہائی کورٹ میں گزشتہ روز سابق پرنسپل انفارمیشن آفیسر راؤ تحسین کی بطور ڈی جی ریڈیو تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری نہ کئے جانے پر متعلقہ حکام کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے سنگل رکنی بنچ جسٹس عامر فاروق نے کی۔رائو تحسین کی جانب سے ان کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پرنسپل سیکرٹری وزیر اعظم، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن اور سیکرٹری اطلاعات نے میری تعیناتی سے متعلق عدالت میں بیان دیا،تاحال بطور ڈی جی ریڈیو تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا،فریقین نے نوٹیفکیشن جاری نہ کر کے توہین عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں، ہائیکورٹ وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن اور سیکرٹری اطلاعات کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دے۔

(جاری ہے)

جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ ابھی تک نوٹیفیکیشن جاری نہیں کیا گیا ،ڈپٹی اٹارنی جنرل صاحب وفاق کے کیا ارادے ہیں ۔وکیل راؤ تحسین نے عدالت کو بتایا کہ میڈیا کے ذریعے خبر ملی ہے کے رائو تحسین ڈی جی ریڈیو پاکستان تعینات ہوئے ہیں۔جس پر عدالت نے کہا کہ ڈپٹی اٹارنی جنرل وفاق سے معلومات حاصل کر کے عدالت کو آگاہ کریں۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 2 دن تک کے لئے ملتوی کر دی۔