بلدیاتی نمائندوں کو انتخابی مہم میں شرکت سے روکنے کا نوٹیفکیشن خوش آئند ہے، میاں کامران سیف

بدھ جون 18:37

لاہور۔27 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما وسیکرٹری اطلاعات پاکستان مسلم لیگ لاہور میاں کامران سیف نے الیکشن کمیشن کی طرف سے بلدیاتی نمائندوں کو انتخابی مہم میں شرکت سے روکنے کے نوٹیفکیشن کو خوش آئند قرا ر دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ کے سینئر راہنما چوہدری پرویز الہٰی بھی انتخابات سے قبل بلدیاتی اداروں کی عدم معطلی پر تشویش کا اظہار کرچکے ہیں کیونکہ بلدیاتی ادارے اور ان کے سربراہ سیاسی وابستگی کی بناء پر بلدیاتی وسائل کو الیکشن مہم میں استعمال کررہے تھے اور مختلف بلدیاتی سربراہان کی جانب سے چند یوم پہلے مریم نواز کو سونے کے تاج بھی پہنائے گئے تھے اور ان سیاسی جلسوں میں بلدیاتی وسائل کا بے دریغ استعمال ہوا تھا ، ان خیالات کا اظہار انہوںنے مسلم لیگ ہائوس میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، میاں کامران سیف نے کہا کہ اب جبکہ الیکشن شیڈول کا اعلان ہوچکا ہے اس لئے الیکشن کمیشن عام انتخابات کے انعقاد تک بلدیاتی اداروں کو معطل کرکے صاف و شفاف الیکشن کی راہیں ہموار کریں تاکہ کوئی بھی شخص ان الیکشن میں اثرورسوخ استعمال نہ کرسکے۔