ابو ظہبی:خاتون کے بارے میں غیر اخلاقی ٹویٹ کرنابہت مہنگا پڑ گیا

ملزم پر ڈھائی لاکھ اماراتی درہم کا ہوش رُبا جرمانہ عائد کر دیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 27 جون 2018 17:48

ابو ظہبی:خاتون کے بارے میں غیر اخلاقی ٹویٹ کرنابہت مہنگا پڑ گیا
ابو ظہبی:خاتون کے بارے میں غیر اخلاقی ٹویٹ کرنابہت مہنگا پڑ گیا
ملزم پر ڈھائی لاکھ اماراتی درہم کا ہوش رُبا جرمانہ عائد کر دیا گیا
ابو ظہبی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27جُون 2018ء) ابو ظہبی کی عدالت نے عرب باشندے کو ایک خاتون کی شہرت داغدار کرنے اور امارات کے سائبر کرائم قانون کی خلاف ورزی پر سزا سُنا دی۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ملزم خاتون کی سماجی حیثیت اور شہرت کو نقصان پہنچانے کا مرتکب ہوا ہے۔

اس نے خاتون کے بارے میں غلط ٹویٹ کر کے جُرم کر ارتکاب کیا ہے۔ عدالتی ریکارڈ کے مطابق خاتون کی جانب سے شکایت درج کی گئی تھی کہ ایک ملزم نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر اُس کے بارے میں ہتک آمیز اور اخلاق سے گِرے ہوئے ریمارکس تحریر کیے ہیں۔ خاتون نے استغاثہ کو بتایا کہ ملزم کی جانب سے مختلف افراد کو ٹیگ کیے گئے شرمناک ٹویٹ پر لوگوں کی جانب سے مختلف قسم کا ردِعمل سامنے آیا۔

(جاری ہے)

جس کے باعث اس کی سماجی حیثیت کو نقصان پہنچا ہے۔ سائبر کرائمز کے ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ملزم کو طلب کیے جانے کے بعد اُس نے خاتون سے معافی مانگی تھی اور کہا تھا کہ اُس کا ٹویٹ کرنے کا مقصد قطعاً خاتون کی دل آزاری اور اس کی شہرت کو نقصان پہنچانا نہیں تھا۔ خاتون نے اُسے مبینہ طور پر معاف کر دیاتھا مگر تاکید کی تھی کہ وہ عدالتی کارروائی کا سامنا ضرور کرے کیونکہ اس سے قبل ہی استغاثہ کی جانب سے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی تھی۔

استغاثہ کی جانب سے ملزم پر مُدعیہ کی شہرت کو داغدار کرنے اور سائبر کرائم قانون کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ تاہم ملزم عدالت کی جانب سے طلب کیے جانے کے باوجود پُوری عدالتی کارروائی کے دوران حاضر نہیں ہوا۔ جس کے باعث جج کی جانب سے ملزم کے خلاف فیصلہ سُناتے ہوئے اس پر عائد کئے گئے الزام کو درست قرار دیا اور اس کی غیر موجودگی میں ڈھائی لاکھ اماراتی درہم کا بھاری جرمانہ عائد کر دیا ہے۔