بحراللہ خان کو پی کے 76پشاور کا ٹکٹ جاری کر دیا گیا

صوبائی قائدین نے متحدہ مجلس عمل کے مرکزی الیکشن آفس کا افتتاح کر دیا

بدھ 27 جون 2018 18:41

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2018ء) جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور صوبائی اسمبلی حلقہ پی کے 76پشاور سے جماعت اسلامی کے نامزد امیدوار بحر اللہ خان ایڈوکیٹ کو متحدہ مجلس عمل پی کے 76 کا ٹکٹ جاری کر دیا گیا جبکہ متحدہ مجلس عمل کے صوبائی صدر مولانا گل نصیب خان ،صوبائی سینئر نائب صدر سینٹر مشتاق احمد خان،صوبائی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر محمد اقبال خلیل،سیکرٹری اطلاعات عبدالواسیع، این اے 27سے ایم ایم اے کے نامزد امیدوارحاجی غلام علی ،این اے 31سے ایم ایم اے کے نامزد امیدوار محمدصدیق الرحمن پراچہ اورجے یوآئی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات حاجی عبدالجلیل جان سمیت ایم ایم اے کے دیگر ضلعی قائدین نے بحر اللہ خان ایڈوکیٹ کے مرکزی الیکشن آفس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔

(جاری ہے)

چارسدہ روڈ پر فقیر آباد پولیس اسٹیشن کے سامنے قائم ہونے والے ایم ایم اے پی کے 76کے مرکزی الیکشن آفس کے افتتاحی تقریب میں پہنچنے پر قائدین کا فقید المثال استقبال کیا گیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچاور کی گئیں .اس موقع پر منعقدہ تقریب سے ایم ایم اے کے صدر مولانا گل نصیب خان ،سینٹر مشتاق احمد خان ،بحر اللہ خان ایڈوکیٹ ،صدیق پراچہ ،حاجی غلام علی اور دیگرقائدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایم اے کی تعلیم دوست حکومت نے ماضی میں صوبہ بھر میں تعلیمی اداروں کا جال بچھایا تھا مفت درسی کتب اور علاج معالجہ کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے ساتھ نوجوانوں کو باعزت روز گار کی فراہمی ماضی میںبھی ہمارے منشور میں شامل تھے اور آج بھی عوام کے مسائل ان کے گھر کی دہلیز پر حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ایم ایم اے کی بحالی سے تمام سیکولرسیاسی جماعتوں کے قائدین بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور انشاء اللہ دینی جماعتوں کا ملک گیر اتحاد متحدہ مجلس عمل ہی اس ملک اور قوم کو حقیقی تبدیلی اور بابرکت اسلامی نظام حیات کے عملی نفاذ سے روشناس کرائے گی۔