اوورچارجنگ ‘ اوورلوڈنگ اور بغیر لائسنس گاڑیوں کو بند کرنے کا حکم

بدھ 27 جون 2018 18:48

سرگودھا۔27 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2018ء) ڈپٹی کمشنر سرگودہا مظفر خان سیال نے اوورچارجنگ ‘ اوورلوڈنگ اور بغیر لائسنس گاڑیوں ‘ چنگ چی رکشہ ورکشوں کو بند کرنے کا حکم دیا ہے تاکہ حادثات کو روکا جاسکے ، ان خیالات کااظہار انہوں نے ٹرانسپورٹرز کے اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا ، اس موقع پر ڈی پی او سرگودہا زبیر دریشک ‘ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ملک آصف اقبال ‘ سیکرٹری آر ٹی اے فاروق حیدر عزیز ‘ پٹرولنگ پولیس ودیگر متعلقہ اداروں کے سربراہان ونمائندے بھی موجود تھے، ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ ٹریفک حادثات میں قیمتی جانوں کے ضیاع کو روکنا ہماری ذمہ داری ہے جبکہ ٹرانسپورٹروں کو ٹریفک قوانین کی پاسداری اور ان پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنانا چاہیے، انہوں نے ہدایت کی کہ چنگ چی رکشوں کو ہائی وے پر آنے سے روکا جائے اور خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے،انہوں نے کہاکہ حکومت کے مقرر کردہ کرایہ ناموں کی خلاف ورزی پر ٹرانسپورٹروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ، انہوں نے لوڈر گاڑیوں پر حد سے زیادہ وزن لوڈ کرنے اور بمپنگ کرنے کو حادثات کا بڑا سبب قرار دیا اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ایسی سرگرمیوں کو سختی سے روکا جائے اور گاڑیوں کو تھانوں میں بند کر دیا جائے۔