لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن )کی سائرہ افضل تارڑ کو ا لیکشن لڑنے کی اجازت دیدی

بدھ 27 جون 2018 18:55

لاہور۔27 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2018ء) لاہور ہائیکورٹ کے اپیلٹ ٹریبونل نے مسلم لیگ (ن) کی سابق وفاقی وزیر سائرہ افضل تارڑ کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کیخلاف اپیل ناقابل سماعت قراردے کر مسترد کردی اورسابق وفاقی وزیر کو انتخاب لڑنے کی اجازت دے دی۔اپیلٹ ٹریبونل کے جج جسٹس شہبازرضوی نے سائرہ افضل تارڑ کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کیخلاف اپیل کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار شوکت بھٹی نے الیکشن ٹریبونل میں موقف اختیار کیا کہ سائرہ افضل تارڑ نے کاغذات نامزدگی میں حقائق چھپائے،سابق وفاقی وزیر نے کاغذات نامزدگی میں اثاثوں کاذکر نہیں کیا،وہ آرٹیکل62،63 کے تحت الیکشن لڑنے کی اہل نہیں،عدالت سے استدعا ہے کہ سائرہ افضل تارڑ کو الیکشن کیلئے نااہل قرار دیا جائے،الیکشن اپیلٹ ٹریبونل نے درخواست گزارشوکت بھٹی کی اپیل ناقابل سماعت قرار دیکرمستردکر تے ہوئے سائرہ افضل تارڑ کو انتخاب لڑنے کی اجازت دے دی۔