جماعت اسلامی کی طرف سے نہتے کشمیریوں کے قتل کی شدید مذمت

انسانی حقوق کی پامالیوں اور نہتے کشمیریوں کے قتل کے واقعات کی بین الاقوامی سطح پر تحقیقات کامطالبہ

بدھ 27 جون 2018 19:42

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2018ء) جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر نے وادی کشمیرمیں بھارتی فورسز کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کے قتل کے حالیہ واقعات پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے ان کارروائیوںکو ظالمانہ اور انسانیت کش ُقرار دیا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جماعت اسلامی کے ترجمان ایڈووکیٹ زاہد علی نے سرینگر میں جار ی ایک بیان کہاکہ حالیہ دنوں میں بھارتی فورسز نے کشمیری نوجوانوںمحمد یوسف راتھر ، شاہد نذیر اور یاور رحمن کو وحشیانہ طورپرقتل کیا تاکہ وادی کے عوام کو اپنی حق پر مبنی جدوجہد آزادی جاری رکھنے سے روکنے کیلئے خوفزدہ کیا جاسکے اور قابض انتظامیہ کی ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف کوئی صدائے احتجاج بھی بلند نہ کرے۔

انہوںنے پر امن مظاہرین پر آنسو گیس ، گولیوں اور پیلٹ گن سمیت طاقت کا وحشیانہ استعمال کرکے نہتے کشمیریوں کے قتل عام کو انسانی حقو ق کی سنگین پامالی اورریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال قراردیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کشمیری حریت پسندوں کے اہلخانہ کو ہراساں اور خوف زدہ کرنے کی کارروائیوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ کوئی بھی قانون یا بین الاقوامی ضابطہ قطعاً کسی بے گناہ کو ستانے یا تشدد کا نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دیتا ۔

ترجمان نے مقبوضہ وادی کشمیر میں بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوںاور نہتے کشمیریوں کے قتل عام کی کسی بین الاقوامی ادارے کے ذریعے تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے بھارت کے دانشور اور دانشمند طبقے سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی اور جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے منظم کوششیں کریں اور بھارتی فورسز کے ہاتھوں وادی کشمیرمیںجاری انسانی حقوق کی پامالیاں بند کرانے کیلئے آواز بلند کریں تاکہ مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوں کے قتل عام کا سلسلہ بند کرایا جاسکے ۔

جماعت اسلامی نے شہید کشمیری نوجوانوں کے اہلخانہ سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاکی ۔ادھر مسلم لیگ جموں وکشمیر نے چڈر کیموہ میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے کشمیری نوجوانوںکو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔مسلم لیگ کا ایک وفد محمد رفیق گنائی کی قیادت میںکولگام گیا ۔ وفد نے شہید نوجوان حافظ عبدالشکو ر کی نماز جنازہ شرکت کی اورشہید یاور احمد کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔اس موقع پر محمد رفیق گنائی نے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے شہید نوجوانوں کوخراج عقیدت پیش کیا۔ وفد میں سجاد ایوبی، خورشید احمد ڈار، محمد امین ڈارا، منظور احمد للہاری، غلام الحسن اور زبیر احمد شامل تھے ۔