سعودی عرب نے امدادی سامان سے لدے تین طیارے یمن کے شہر عدن پہنچا دیئے

خواتین ، بچوں اور ضعیف العمر افراد کو ان کے دور دراز علاقوں میں گھر گھر جاکر طبی خدمات مہیا کی جارہی ہیں،امدادی ٹیم

بدھ 27 جون 2018 19:47

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2018ء) سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد اور ریلیف نے امدادی سامان سے لدے تین طیارے یمن کے جنوبی شہر عدن بھیج دیئے ۔ وہاں سے اس امدادی سامان کو ساحلی شہر الحدیدہ منتقل کیا جائے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق شاہی دیوان کے مشیر اور شاہ سلمان ریلیف مرکز کے نگرانِ اعلیٰ ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے کہا کہ سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت پر یمن میں جنگ سے متاثرہ افراد کے لیے ایک امدادی پٴْل قائم کردیا گیا ہے اور الحدیدہ سمیت جنگ سے متاثرہ علاقوں میں یمنیوں کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا ہے۔

عدن اترنے والے سعودی طیاروں پر 70 ٹن وزنی خیمے ، کمبل اور خوراک کی اشیاء بھیجی گئی ہیں اور انھیں الحدیدہ میں سب سے زیادہ متاثرہ خاندانوں میں تقسیم کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

سامان کے ساتھ شاہ سلمان مرکز کی ایک خصوصی ٹیم بھی بھیجی گئی ہے جو امدادی سامان کی تقسیم کے عمل کی نگرانی کرے گی۔عرب اتحادی افواج کی ایک فیلڈ میڈیکل ٹیم حوثیوں سے آزاد کرائے گئے یمن کے مغربی ساحل علاقوں میں خاندانوں اور بچوں کو طبی خدمات مہیا کررہی ہے۔ اس ٹیم نے بتایا کہ خواتین ، بچوں اور ضعیف العمر افراد کو ان کے دور دراز علاقوں میں گھر گھر جاکر طبی خدمات مہیا کی جارہی ہیں اور مختلف دائمی ا مراض میں مبتلا افراد کا علاج کیا جارہا ہے۔