اپنے وسائل سے نالوں کی صفائی کروارہے ہیں ،جان محمد بلوچ

بدھ جون 20:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جون2018ء) چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ وائس چیئرمین بلدیہ ملیر عبدالخالق مروت نے کہا ہے کہ مون سون کی متوقع بارشوں سے قبل مفاد عامہ میں اپنے فنڈز سے برساتی نالوں کی صفائی کے کاموں کا آغاز کر دیا ہے جبکہ برساتی نالوں کی صفائی KMC کی ذمہ داری ہے، وہ میونسپل کمشنر عمران اسلم اور چیئرمین یونین کمیٹی کیٹل کالونی چوہدری اکرم اور محکمہ بی اینڈ آر کے افسران کے ہمراہ کیٹل کالونی ٹھڈو نالوں تا برکاتِ مدینہ روڈ نمبر 8 پر 2 کروڑ کی لاگت سے 24 انچ کی 6 ہزار رننگ فٹ لائن ڈالی جانے سیوریج لائن کے منصوبے کا جائزہ لیتے ہوئے موقع پر موجود ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے ۔

چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے کہا کہ بھینس کالونی بلدیہ ملیر میں تقریباًً 10 لاکھ سے زائد بھینسیں ہیں لیکن بلدیہ ملیر کے پاس وسائل نہیں ہے اگر وفاق یا سندھ حکومت اس سے فائدہ اٹھانا چاہیں تو بائیو گیس بنا کر اربوں روپے کے وسائل حاصل کیے جاسکتے ہیں اور بلدیہ ملیر کے علاقے بھینس کالونی میں پیدا ہونے والی کھاد سے اربو ں روپے زر مبادلہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین بلدیہ ملیر نے موقع پر موجود متعلقہ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ نالوں سے نکلنے والا کچرا اور ملبہ ہنگامی بنیادوں پر اٹھا کر ٹھکانے لگایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ ملیر کے وسیع و عریض رقبے پر مشتمل دیہی آبادیوں کی غیر پختہ گزرگاہوں بالخصوص نہری گزرگاہوں کی پختگی عمل میں لائی جارہی ہے تاکہ دیہی و نشیبی علاقوں میں متوقع بارشوں کے دوران متوقع نقصانات سے بچا جاسکے، انہوں نے مزید کہا کہ واٹر کمیشن کے احکامات کے تناظر میں بلدیہ ملیر کی عوام کو پینے کے صاف پانی اور نکاسی آب کی سہولیات کی بہترین بنیادوں پر فراہمی کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہے ہیں ۔#

متعلقہ عنوان :