ایوان بالا قبائلی علاقوں کی پسماندگی دور کرنے اور یہاں کے عوام کو سماجی اور معاشی ترقی کے ذریعے قومی دھارے میں لانے کیلئے بھر پور اقدامات اٹھائے گا،صادق سنجرانی

بدھ 27 جون 2018 20:30

ایوان بالا قبائلی علاقوں کی پسماندگی دور کرنے اور یہاں کے عوام کو سماجی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2018ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہاہے کہ ایوان بالا قبائلی علاقوں کی پسماندگی دور کرنے اور یہاں کے عوام کو سماجی اور معاشی ترقی کے ذریعے قومی دھارے میں لانے کیلئے بھر پور اقدامات اٹھائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں کے محنت کش اور بہادر لوگ پاکستان کے مضبوط دفاع اور قومی ترقی میں ہمیشہ پیش پیش رہے ہیں انہیں کسی موقع پر تنہانہیں چھوڑا جائے گا۔

اورکزئی ایجنسی کے ریٹائرڈ لیوی اہلکاروں سے ملاقات کے دوران انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ان کے پنشن اور دیگر بقایا جات کی ادائیگی کیلئے متعلقہ اداروں سے رابطہ کیا جائے گا اور سینیٹ کی خزانہ کمیٹی کے اجلاس میں اس معاملے کا تفصیل سے جائزہ لینے کے بعدمناسب حل تلاش کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ لیوی کے ریٹائرڈ اہلکاروں کے بقایا جات کی یکمشت یا دو مساوی اقساط میں ادائیگی کے ذریعے حل تلاش کر لیا جائے اس سلسلے میں وہ ذاتی طور پر بھی متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں گے ۔

سینیٹراورنگزیب اورکزئی بھی وفد کے ہمراہ تھے ۔ چیئرمین سینیٹ نے امن وامان کے حوالے سے ریٹائرڈ لیوی اہلکاروں کی خدمات کو سراہا ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر اورنگزیب اورکزئی نے کہا کہ بلوچستان سے چیئرمین سینیٹ کا پہلی بارانتخاب صوبائی اکائیوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور وفاق کی مضبوطی کیلئے نیک شگون ہے۔انہوں نے صوبائی اکائیوں کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کروانے کیلئے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کو شکریہ ادا کیا ۔

متعلقہ عنوان :