امریکہ نے انسداد دہشت گردی سے متعلق اقوام متحدہ کا بجٹ منقطع کر دیا

روسی سربراہ کی موجودگی کے خلاف احتجاجی طور پر امریکی حکام نے یہ قدم اٹھایا

بدھ 27 جون 2018 20:38

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 جون2018ء) امریکی حکومت نے انسداد دہشت گردی سے متعلق اقوام متحدہ کا بجٹ منقطع کر دیا، روسی سربراہ کی موجودگی کے خلاف احتجاجی طور پر امریکی حکام نے یہ قدم اٹھایا۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق حکومت امریکہ نے انسداد دہشت گردی سے متعلق اقوام متحدہ کے دفتر کو واشنگٹن کی جانب سے فراہم کیا جانے والا بجٹ منقطع کر دیا۔

حکومت امریکہ نے انسداد دہشت گردی سے متعلق اقوام متحدہ کے دفتر کو بیس لاکھ ڈالر بجٹ فراہم کرنے سے انکار کرتے ہوئے بدھ کے روز اس بجٹ کو منقطع کر دیا۔

(جاری ہے)

بتایا گیاہے اقوام متحدہ کی انسداد دہشت گردی سے متعلق کانفرنس میں اقوام متحدہ کے اس دفتر کے روسی سربراہ کی موجودگی کے خلاف احتجاج کے طور پر امریکی حکام کی جانب سے یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔

انسداد دہشت گردی سے متعلق اقوام متحدہ کا یہ دفتر، گذشتہ ایک سال سے جب سے یہ قائم ہوا ہے اس کی سرگرمیوں میں امریکی مرضی کی تبدیلیوں کے حوالے سے ٹرمپ کی جانب سے اصرار کی بنا پر ایک تنازعے کے مرکز میں تبدیل ہو گیا ہے۔امریکی صدر نے حال ہی میں غاصب صیہونی حکومت کی حمایت میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے امریکہ کی علیحدگی کا بھی اعلان کردیا ہے