الیکشن2018ء کے لئے لوکل گورنمنٹ کمپلیکس میں ایڈیشنل سیکر ٹری کی سر براہی میں فوکل پوائنٹ الیکشن سیل قائم

محکمہ بلدیات کے ساتھ باہمی تعاون کے لئے تمام محکمہ جات نے اپنے فوکل پرسن نامزد کردئیے ، حکومت پنجاب کی طرف سے تمام اضلاع کے ڈیجیٹل نقشہ جات تیار جن میں صوبائی و قومی حلقوں بارے معلومات مہیا ہیں‘ترجمان

بدھ 27 جون 2018 20:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 جون2018ء) ترجمان محکمہ بلدیات پنجاب نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پرالیکشن2018ء کے لئے لوکل گورنمنٹ کمپلیکس میں فوکل پوائنٹ الیکشن سیل قائم کر دیا گیا ہے جو ایڈیشنل سیکر ٹری کی سر براہی میں رائونڈ دی کلاک اپنے فرائض سر انجام دے رہا ہے جبکہ دیگر تمام محکمہ جات نے بھی اپنے اپنے فوکل پرسن نامزد کردئیے ہیں جو محکمہ بلدیات کے ساتھ باہمی تعاون کر رہے ہیں۔

حکومت پنجاب نے تمام اضلاع کے ڈیجیٹل نقشہ جات تیار کر لئے ہیں جن میں صوبائی و قومی حلقوں بارے معلومات مہیا ہیں۔ محکمہ بلدیات یونین کونسل کی سطح پر ا لیکشن کمیشن پاکستان کی ہدایت پر ایک آگاہی مہم شروع کی،جس کے تحت صوبہ بھر میں مرتب کردہ ووٹر لسٹوں کو مناسب جگہوں پر عوام کی آسانی کے لئے آویزاںکیا گیا۔

(جاری ہے)

جس کی تشہیر پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا اور لوکل کیبل نیٹ ورک کے ذریعے بھی کی گئی تاکہ عوام اپنے ووٹ کی معلومات حاصل کرسکیں اور جہاں درکار ہو تبدیلی کرسکیں۔

حکومتی ہدایت پر پریزائیڈنگ و اسسٹنٹ پریزائیڈنگ آفیسر ز کی ٹریننگ کا عمل جاری ہے، جسے جولائی کے وسط تک پائیہ تکمیل تک پہنچا دیا جائے گا۔ ا لیکشن کمیشن کی طرف سے موصول شدہ لسٹ پر صوبہ بھر کے تمام پولنگ سٹیشن میں عدم دستیاب سہولیات کو مکمل کیا جا رہا ہے۔ تمام سرکاری ملازمین کو اپنے پسندیدہ سیاسی شخصیت بارے پسند یا نا پسند بارے خیالات اور ترجمانی کرنے سے منع کر دیا گیا ہے۔

اس بارے کسی بھی جگہ سے شکایت موصول ہونے پر فوری ایکشن لیا جائے گا۔الیکشن کے عمل کے دوران ڈائریکٹر،ڈپٹی ڈائریکٹر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اور سیکرٹریز یونین کونسلز ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز کے ساتھ معاونت کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔محکمہ لوکل گورنمنٹ ریٹرننگ آفیسرز کے ساتھ اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرز کے تعاون کو یقینی بنا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب صاف شفاف الیکشن 2018ء منعقد کرانے کے سلسلہ میں اپنی ٹیم کے ہمراہ تیزی سے اقدامات عمل میں لارہے ہیں۔اس سلسلہ میں تما م محکمہ جات بھی اپنے فرائض ذمہ داری سے ا نجام دے رہے ہیں۔