2013 میں تینوں جماعتوں کو صوبوں میں حکومت ملی، تمام اپنی کارکردگی عوامی عدالت میں پیش کریں ‘پرویز ملک

ن لیگ نے جو وعدہ کیا پورا کیا،10 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کی، دہشتگردی کی کمر توڑ دی‘صدر مسلم لیگ (ن) لاہور

بدھ جون 20:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جون2018ء) مسلم لیگ(ن) لاہور کے صدر محمد پرویز ملک نے کہا ہے کہ (ن) لیگ نے جو وعدہ کیا وہ پورا کیا، آج پاکستان 2013 کے مقابلے میں زیادہ محفوظ ہے، پاکستان ٹیک آف کی پوزیشن پر کھڑا ہے، عوام کے پاس 3 جماعتیں ہیں کس نے کتنا کام کیا اس کا تجزیہ عوام کرے، پی ٹی آئی کی 5 سالہ حکومت نے کچھ نہیں کیا،،پاکستان کے عوام ملک کی ترقی اور خوشحالی کے متمنی ہیں، مسلم لیگ (ن) سے وفا عوام کے دلوں میں رچی بسی ہے اور عملی اقدامات کے باعث مسلم لیگ (ن) کو عوام میں والہانہ پذیرائی مل رہی ہے۔

ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقے این اے 127میں الیکشن مہم کے سلسلہ میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ باشعور عوام نے جھوٹ اور الزامات کی منفی سیاست کرنیوالوں کو آئینہ دکھا دیا ہے۔

(جاری ہے)

منفی احتجاج،، انتشار اور دھرنوں کی سیاست کرنیوالوں کو شکست فاش ہو گی، انتشار اور منفی سیاست کرنیوالوں کیلئے نوشتہ دیوار ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے اور مسلم لیگ (ن) کی عوامی خدمت کی بدولت عوام نے اسے ہر الیکشن میں سرخرو کیا ہے۔ 2013 میں تینوں سیاسی جماعتوں کو حکومت ملی، مسلم لیگ (ن) پنجاب،، پی ٹی آئی کے پی کے اور سندھ میں پیپلزپارٹی کو حکومت ملی، ہر جماعت اپنی کارکردگی عوام کی عدالت میں پیش کرے، 2013 میں توانائی، سکیورٹی، معیشت اور سماجی شعبے کا منشور دیا، ن لیگ نے ثابت کیا کہ وہ کارکردگی کی صلاحیت رکھتی ہے، 10 ہزار میگاواٹ بجلی نظام میں شامل کی، معیشت میں 13 سال کے دوران سب سے تیز ترین ترقی کی، دہشتگردی کی لہر کی کمر توڑ دی ہے۔