چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل(ر) مزمل حسین کا پاکستان واپڈا فائونڈیشن کا دورہ

چیئرمین کی طویل عرصہ سے واپڈا فائونڈیشن میں ڈیلی ویجز ملازمین کو ریگولر کرنے کی ہدایت

بدھ جون 20:49

لاہور۔27 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جون2018ء) چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل(ر) مزمل حسین نے پاکستان واپڈا فائونڈیشن اور فائونڈیشن کے زیر انتظام لاہور میں واقع ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمر انجینئرنگ سروس یونٹ کا دورہ کیا ۔اِس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ واپڈا ملازمین کی استعداد ِ کار میں اضافہ کے لئے دورانِ ملازمت ترقی کے مواقع اور ملازمین کی فلاح و بہبود پر یقین رکھتی ہے ۔

اِن اقدامات کا مقصد واپڈا جیسے قومی ادارے کی افرادی قوت کو مئوثر بنا کر ملک میں پانی اور پن بجلی کے منصوبوں کی تیز رفتار تکمیل ہے تاکہ واپڈا اپنے شاندار ماضی کی طرح ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکے ۔ اُنہوں نے کہا کہ واپڈا اپنے ملازمین کی بہتری کے لئے کئی ایک اقدامات عمل میں لارہا ہے جن میں افرادی قوت کی ترقی کی پالیسی پر نظر ثانی ، واپڈا ملازمین کے لئے واپڈا ہائوسنگ سکیم ، واپڈا میڈیکل کالج اور واپڈا انجینئرنگ یونیورسٹی کا قیام ، ملازمین کے علاج معالجہ کے نظام میں جدت اور تعلیمی اداروں کی اًپ گریڈیشن شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

چیئرمین واپڈا نے کہا کہ پاکستان واپڈا فائونڈیشن اپنے بنیادی فرائض کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ واپڈا ملازمین کی فلاحی سکیموں پر عملدرآمد میں بھی سرگرمی کے ساتھ کردار ادا کررہی ہے کیونکہ فائونڈیشن پاور اور ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمر ز کی بحالی سمیت دیگر کاروباری سرگرمیوں کے ذریعے آمدنی حاصل کرتی ہے اور اُس آمدنی میں سے واپڈا ملازمین کی بہتری کے لئے بنائی گئی سکیموں کے لئے فنڈز مختص کرتی ہے ۔

ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمر انجینئرنگ سروس یونٹ کے دورے کے موقع پر چیئرمین واپڈا نے ٹرانسفارمر ز کی مرمت اور بحالی کے مختلف مراحل کا مشاہدہ کیا ۔ ملازمین سے گفتگو کے دوران اُنہوں نے متعلقہ آفیسرز کو ہدایت کی کہ واپڈا فائونڈیشن کے وہ ملازمین جو طویل عرصہ سے ڈیلی ویجز کی بنیاد پر کام کر رہے ہیں ، قواعد کے مطابق اُنہیں مستقل کرنے کے لئے کیس تیار کرکے اتھارٹی کی منظوری کے لئے بھجوایا جائے ۔

اُنہوں نے فائونڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر کو ہدایت کی کہ فائونڈیشن کی ورکشاپ اور پیٹرول پمپس پر سہولتوں کو بہتر بنانے کے اقدامات عمل میں لائے جائیں ۔قبل ازیں چیئرمین واپڈا کو بریفنگ کے دوران بتایاگیا کہ پاکستان واپڈا فائونڈیشن 1982 ء میں قائم کی گئی اور تب سے فائونڈیشن واپڈا اور پاور سیکٹر کی کمپنیوں کو اپنی خدمات فراہم کر رہی ہے ۔

فائونڈیشن یہ خدمات لاہور میں واقع پاور ٹرانسفارمر ورکشاپ ، لاہور ، نوشہرہ اور سکھر میں قائم تین ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمر ورکشاپس، لاہور اور فیصل آباد میں موجوددو Base ورکشاپس اور لاہور ، فیصل آباد ، گوجرانوالہ ، راولپنڈی ، پشاور ، ڈیرہ اسماعیل خان ، ملتان اور حیدرآباد میں واقع آٹھ پٹرول پمپس کے ذریعے مہیا کرتی ہے۔چیئرمین واپڈا کے دورے پر پاکستان واپڈا فائونڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر، چیئرمین واپڈا کے پرنسپل سٹاف آفیسراورجنرل منیجر(ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ ) واپڈا بھی اُن کے ہمراہ تھے ۔