معاف کرائے گئے قرضوں کی وصولی کے حوالے سے چیف جسٹس کے ریمارکس خوش آئند ہیں، میاں مقصود احمد

بدھ 27 جون 2018 20:49

معاف کرائے گئے قرضوں کی وصولی کے حوالے سے چیف جسٹس کے ریمارکس خوش آئند ..
لاہور۔27 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2018ء) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے قرضے معافی کیس میں چیف جسٹس کے ریمارکس کہ’’پائی پائی وصول کی جائے گی‘‘کوخوش آئند قراردیتے ہوئے کہاہے کہ کروڑوں اربوں روپے کے قرضے لے کر معاف کرانے اور قومی خزانہ لوٹنے والوں نے ملک کوکنگال بنادیاہے۔

کرپٹ افراد سے پائی پائی وصول کرکے ملک وقوم کی فلاح وبہبود پر خرچ کی جائے ۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ حکومت نے ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ قرضے حاصل کیے ۔انہوں نے کہاکہ ملکی معیشت کو ان نادہندگان نے ملی بھگت کرکے تباہ وبرباد کرکے رکھ دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو وسائل کی دولت سے مالامال بنایا ہے۔ہر قسم کے وسائل ہونے کے باوجود بھی ملک کی کل آبادی کا40فیصد حصہ سطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے جوکہ گزشتہ حکومتوں کی نااہلی کامنہ بولتاثبوت ہے ۔

(جاری ہے)

بدقسمتی سے محب وطن قیادت کے فقدان نے ملک وقوم کو اس نہج پر پہنچادیا ہے کہ آج پاکستان معاشی لحاظ سے مسلسل تنزلی کاشکار ہے۔موجودہ حالات میں غریب عوام کے لیے دووقت کی باعزت روٹی کمانا بھی مشکل ہوگیا ہے۔انہوں نے کہاکہ جب تک اللہ اور اس کے رسولؐکے وضع کردہ اسلامی طرزمعیشت کواختیار نہیں کیاجائے گا نہ عوام کی زندگی میں خوشحالی آسکتی ہے اور نہ ہی ملک ترقی کرسکتا ہے۔میاں مقصوداحمد نے مزید کہاکہ پاکستان ایک ایٹمی ریاست ہے مگر دنیا میں رسوائی ہمارامقدر بنی ہوئی ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسی محب وطن قیادت کو منتخب کیاجائے جوحقیقی معنوں میں خدمت خلق کے جذبے سے سرشار ہو۔عوام2018کے انتخابات میں متحدہ مجلس عمل کی باکردار اور جراتمندقیادت کومنتخب کرے۔