اگر انتخابات منشور ، کارکردگی ، امانت و دیانت اور صلاحیت کی بنیاد پر ہوئے تو ملک کی قسمت و تقدیر بد ل جائے گی،سابق سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی

بدھ 27 جون 2018 20:58

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 جون2018ء) سابق سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی خیبرپختونخوا و متحدہ مجلس عمل کے امیدوار پی کے 12عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ اگر انتخابات منشور ، کارکردگی ، امانت و دیانت اور صلاحیت کی بنیاد پر ہوئے تو ملک کی قسمت و تقدیر بد ل جائے گی۔ ایم ایم اے، بالخصوص جماعت اسلامی کی کامیابی ہی ملک میں حقیقی تبدیلی کا پیش خیمہ بن سکتاہے۔

ہم نے اس علاقہ کی بطورمنتخب ممبراور صوبائی وزیر ہمیشہ خدمت کی ہے اور ہماری کارکردگی ہی ہماری کامیابی کی دلیل ہے۔ ہم ہر فرد، خاندان ، اور معاشرہ کی ترقی چاہتے ہیں تاکہ بانی پاکستان قائداعظم ? کا اسلامی وخوشحال پاکستان کا خواب پورا ہوسکے۔ مفاد پرست ٹولے نے اپنی دولت وطاقت کی بنیاد پر پورے نظام اورقوم کو ذہنی طور پر یرغمال بنا رکھا ہے۔

(جاری ہے)

ظلم وناانصافی کی چکی میں پسنے والے مظلوم عوام کسی نجات دہندہ کی تلاش میں ہیں۔دینی جماعتوں کا اتحاد ملک کو مستقبل سنوار سکتا ہے۔ وہ بن درہ دیر بالا میں شمولیتی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی سے درجنوں افراد نے جماعت اسلامی میںشمولیت کااعلان کیا۔ اجتماع سے تحصیل نائب ناظم حیات الحق ، ویلج ناظم رحیم الدین اور شیرین زادہ نے بھی خطاب کیا۔

عنایت اللہ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہماری سیاست کامحور ملک میںاسلامی نظام کا قیام اور عوام کی خدمت ہے اور اس میںکوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی کے امانت دار لوگوں کے ہاتھوں میں قوم کے خزانوں کی کنجیاں آ جائیں تو عوام کو صحت ، تعلیم ، پینے کے صاف پانی سمیت ضروریات زندگی کی تمام سہولتیں ان کی دہلیز پر پہنچیں گی۔ بدیانت اور کرپٹ حکمرانوں سے نجات کیلئے عوام کو متحد ہوکر اٹھنا چاہئے۔عوام مایوسی اور بددلی چھوڑ کر ایک عزم اور حوصلے کے ساتھ میدان میں نکلیں تو ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔