عام انتخابات کے پرامن انعقاد کے سلسلے میں تمام ممکن وسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ

الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات کے حوالے سے ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کو ہرممکن یقینی بنا یا جائے گا، اجلاس سے خطاب

بدھ 27 جون 2018 20:59

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 جون2018ء) ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر)طاہر ظفرعباسی نے کہاکہ عام انتخابات 2018ء کے پرامن ماحول میں انعقاد کے سلسلے میں تمام ممکن وسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں۔ جبکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات کے حوالے سے ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کو ہرممکن یقینی بنا یا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عام انتخابات2018ے کے انعقاد اور ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کرانے کے سلسلے میں ڈسٹر کٹ الیکشن مانیٹرنگ آفسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کوئٹہ ندیم اصغر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کوئٹہ نصیب اللہ کاکڑبھی موجود تھے۔ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے امیدواروں کے لئے جاری ہونے والے ضابطہ اخلاق کی پاسداری اور عمل درآمد کو یقینی بناتے ہوئے عام انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں تمام امیداواروں کے انتخابی سرگرمیوں پر مکمل طور پر نظر رکھی جائے گی تاکہ کوئی بھی امیدوار ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہ کرسکے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں انتظامیہ کی جانب سے تمام جلسہ ،جلوسوں ،کارنر میٹنگ اور ریلیوں کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جائے گی اوران انتخابی سرگرمیوں کی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر انتظامیہ کو دی جائے گی۔اس کے علاوہ شہر بھر میں آیزواں بینرز،پوسٹرز اور پلفٹ مقررہ سائز کے برعکس پائے گئے جس میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہورہی ہو انہیں فوری طور پر ہٹاکر متعلقہ امیدواران کے خلاف الیکشن کمیشن قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس سلسلے میں تمام امیدوار الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی مکمل طور پر پاسداری کو یقینی بنائیں۔ تمام مانیٹرنگ آفیسران اپنے اپنے مقررہ علاقوں میں امیداوار ں کے تمام انتخابی سرگرمیوں پر نظر رکھتے ہوئے انتظامیہ کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ یا آگاہ کریں۔امیدواروں کے انتخابی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کا مقصد کسی کو بھی ریاست، ملک ،فوج، مذہب کے خلاف شرپسندی اور نفرت انگیز ی کرنے سے روکنا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے امیدواروں کو اشتہارات اور پبلسٹی کے لئے مقررہ سائز اور معیار مقررہیں اس مقررہ سائز سے تجاویز کرنے والے تمام بل بورڈز اوراشتہارات فوری طور پر ہٹائے جائیں گے۔اورعام انتخابات کے پرامن انعقاد کے حوالے سے سیکورٹی کے فل پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔