عوام کی تائید وحمایت سے بلوچستان میں تعصب اوردہشتگردی کے مرض کو شکست دینگے، لشکری ریئسانی

بدھ جون 20:59

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جون2018ء) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما نوابزدہ لشکری رئیسانی نے کہا ہے کہ عوام کی تائید وحمایت سے بلوچستان میں تعصب اوردہشتگردی کے مرض کو شکست دینگے ہمارا ہر قدم صوبے اور عوام کے مفاد میں ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزسردار ہمایون ایوب وردگ، مولانا عبدالمتین، عبدالولی ، عزت اللہ کی صوبائی اور قومی اسمبلی پر حمایت اورقبائلی رہنماؤں حبیب اللہ کاکڑ، محمد عمیر کی ساتھیوں سمیت پارٹی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

نوابزادہ لشکری رئیسانی کامزید کہنا تھا کہ24 جولائی کو عوام اجتماعی طور پر ان لوگوں کا انتخاب کریں جو صوبائی اور قومی اسمبلی میں قانون سازی کے ذریعہ اپنے وسائل پر اختیار حاصل کرکے عوامی مشکلات میں کمی لاسکیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کوئٹہ شہر کے عوام کو درپیش بحرانوں سے نکالنا کسی ایک ایم پی اے یا ایم این اے کے بس کی بات نہیں ماسٹر پلان کے تحت مسائل حل کئے جاسکتے ہیں۔

عوام کو پانی کی فراہمی ٹریفک کے گھمبیر مسئلے کا حل، تفریحی مقامات کے قیام سمیت صحت اور تعلیم سے متعلق اقدامات پارٹی کے منشور کا حصہ ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ سینٹر شپ کے مختصر دورانیہ کے دوران انہوں نے کوئٹہ شہر میں بے نظیر، اور سریاب فلائی اوور کی تعمیر کے لیے مرکزی حکومت سے فنڈز منظور کرائے ۔ کوئلہ پھاٹک پر پل کی تعمیر کیلئے میں نے مرکز سے تین ارب روپے منظور کرائے تاہم ہمیں کام نہیں کرنے دیاگیا ۔

عوام کو پر فضا ماحول فراہم کرنے کیلئے بے نظیر اور کیو ڈی اے پارک تعمیرکرائے۔ اسی جذبہ کے تحت ہم نے کوئٹہ شہر کیلئے 30 ارب روپے کی خطیر رقم سے ماسٹر پلان دینے کی منصوبہ بندی کی ہے جس کو عملی جامہ پہنانے کیلئے عوام25 جولائی کو اپنے ووٹ کے ذریعے پارٹی کو صوبائی اور قومی اسمبلی میں اکثریت دیکر ماضی میں گروہی اور ذاتی مفادات نفرت آمیر نعروںگلی نالیاں بنا کر دینے کے وعدوں کے بدلے ووٹ مانگنے کے بعداپنے خاندان کو نوازنے والوں کا راستہ روکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی بلوچستان میں آباد تمام اقوام کی نمائندہ جماعت ہے اور امید ہے کوئٹہ شہر میں عوام ڈرامہ بازوں کے بہکاوے میں آنے کی بجائے اپنی آئندہ زندگی کیلئے بہتر نمائندوں کا انتخاب کریں گے ۔