نگران وزراء کامیٹروپولٹین کارپوریشن کا دورہ ، محکمے کے مسائل سنے

میٹروپولٹین روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں ٹن کچرہ شہر سے اٹھاتاہے کوئٹہ کی میونسپل کارپوریشن جس کا ڈھانچہ 5لاکھ کی آبادی کی خدمت کیلئے بنایاگیاتھا مگروہ اب 35لاکھ کی آبادی کا بوجھ برداشت کررہے، حکام کی بریفنگ

بدھ 27 جون 2018 20:59

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 جون2018ء) نگران صوبائی وزیر بلدیات آغا منظور حسین قزلباش،نگران صوبائی وزیر داخلہ وقبائلی امور آغا عمر بنگلزئی اور صوبائی وزیر برائے بہبود آبا د ی فرزانہ بلوچ نے گزشتہ روز میٹروپولٹین کارپوریشن کا دورہ کیااس موقع پر میئرمیٹروپولٹین کارپوریشن ڈاکٹرکلیم اللہ خان نے میٹروپولٹین اور صفائی سے متعلق مہمات بارے بریفنگ دی اور میٹروپولٹین کو درپیش مسائل ومشکلات سے آگاہ کیااور بتایاکہ میٹرپولٹین کارپوریشن کو اس وقت افرادی قوت کی کمی کاسا منا ہے جس کے باعث صفائی کی صورتحال اور مہمات کو کامیاب بنانے میں دشواری کاسامنا ہے انہوں نے کہاکہ میٹروپولٹین روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں ٹن کچرہ شہر سے اٹھاتاہے کوئٹہ کی میونسپل کارپوریشن جس کا ڈھانچہ 5لاکھ کی آبادی کی خدمت کیلئے بنایاگیاتھا مگروہ اب 35لاکھ کی آبادی کا بوجھ برداشت کررہے ہیں انہوں نے کہاکہ اس سے قبل بھی میٹروپولٹین کارپوریشن کو درپیش مشکلات ومسائل کے حوالے سے صوبائی حکومت کو آگاہی فراہم کی ہے انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کی میونسپل کارپوریشن کے ڈھانچے کو میٹروپولٹین کارپوریشن کا درجہ دیاگیاہے مگر آج بھی میٹروپولٹین کادرجہ ملنے کے باوجود ان کے وسائل میونسپل کار پوریشن کے برابر بھی نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

میٹروپولٹین کارپوریشن کے میئرڈاکٹرکلیم اللہ نے نگران حکومت کی توجہ کوئٹہ شہر کے مسائل کی طرف مبذول کراتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ شہر میں صفائی ودیگر کے حوالے میٹروپولیٹن کو درپیش مشکلات ومسائل کیلئے بھر پور وفوری اقدامات اٹھائیںگے ،میئرکوئٹہ ڈاکٹرکلیم اللہ کاکڑ نے نگران صوبائی وزراء کومٹن مارکیٹ منصوبے سے متعلق بھی آگاہ کیا۔

اس موقع پر مختلف شعبوں کے پرنسپل آفیسران نے صوبائی وزراء کو اپنے شعبوں کی کار کردگی اورانہیں درپیش مسائل ومصائب سے متعلق آگاہی فراہم کی ۔اس موقع پر صوبائی نگران وزراء نے میئرکوئٹہ اور افسران کو اپنے تجاویز سے بھی آگاہ کیا ۔نگران صوبائی وزیر بلدیات آغا منظور حسین قزلباش نے میئرکوئٹہ کو ہدایت کی کہ وہ عوام میں شعوروآگاہی کیلئے صفائی ہفتہ منائے۔