Live Updates

بلوچستان میں آئندہ الیکشن بظاہر آر اوز الیکشن ہوںگے، سردار یار محمد رند

جس تعلیمی ڈگری پر پہلے الیکشن لڑ چکا ہوں اب اسی ڈگری کو جعلی قرار دے کر مجھے نااہل قرار دیا گیا ہے، میں نے عدالت کا فیصلہ قبول کیا ہے لیکن اپنے آئینی اور قانونی حق کی خاطر اس فیصلے کے خلاف ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ تک جاؤں گا اور آخری لمحے تک اپنے حق کیلئے قانونی جنگ لڑوں گا میں شکست قبول کر کے خاموشی سے بیٹھنے والا نہیں ہوں ، میڈیا سے گفتگو

بدھ 27 جون 2018 20:59

ڈیرہ مرادجمالی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 جون2018ء) پاکستان تحریکِ انصاف کے صوبائی صدر سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ 25 جولائی 2018 کو بلوچستان میں صرف آر اوز اور ڈی آر اوز کے الیکشن ہوں گے جس میں عوام کا کوئی عمل دخل نہیں ہوگا یہ عجیب بات ہے کہ میں جس تعلیمی ڈگری پر پہلے الیکشن لڑ چکا ہوں اب اسی ڈگری کو جعلی قرار دے کر مجھے نااہل قرار دیا گیا ہے اسی الیکشن ٹریبونل نے 200 سے زائد اعتراض شدہ امیدواروں کویہ کہہ کر الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دی گئی ہے کہ جائیں عوام کی عدالت میں الیکشن لڑیں جبکہ سردار رند کو کہا جا رہا ہے کہ آپ الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتے اور پھر یہ بھی عجیب صورتحال ہے کہ ایک جگہ پر میرے کاغذات نامزدگی منظور کیئے جاتے ہیں تو دوسری جگہ پر میرے کاغذات مسترد کیئے جاتے ہیں ان خیالات کااظہار انہوں نے گوٹھ میرمحمد رحیم مینگل میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیاا نہوں نے کہا کہ میں نے عدالت کا فیصلہ قبول کیا ہے لیکن اپنے آئینی اور قانونی حق کی خاطر اس فیصلے کے خلاف ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ تک جاؤں گا اور آخری لمحے تک اپنے حق کیلئے قانونی جنگ لڑوں گا میں شکست قبول کر کے خاموشی سے بیٹھنے والا نہیں ہوں انہوں نے کہا کہ میں ایک زمیندار ہوں اور نصیرآباد ڈویژن میں سب سے زیادہ زرعی ٹیکس ادا کرنے والا ہوں اس کے باوجود مجھ سے پوچھا جا رہا ہے کہ آپ کا کاروبار کیا ہے انہوں نے کہا کہ مشکل صورتحال کے باوجود بلوچستان میں پی ٹی آئی بھرپور الیکشن لڑے گی دریں اثنا اس موقع پر ممتاز قبائلی رہنما میر محمد اشرف مینگل اور میر جمیل احمد مینگل کی قیادت میں سیکڑوں افراد نے این اے 260 نصیرآباد/کچھی / جھل مگسی کی نشست پر پی ٹی آئی کے امیدوار میر سردار خان رند کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا ہے جس پر سردار یار محمد رند نے ان کا شکریہ ادا کیا اور جلسہ سے خطاب میں کہا کہ میں بلوچستان کی دھرتی کا فرزند ہوں میں بلوچ سردار ہوں مجھے بلوچ اور بلوچستان کے لوگوں اور اس سرزمین سے پیار ہے مجھے الیکشن کے عمل سے الگ کر کے بلوچستان کے عوام سے دور نہیں رکھا جا سکتا میں 5 سال وفاقی وزیر رہا ہوں لیکن میں نے ایک روپیہ کی بھی کرپشن نہیں کی اور نہ ہی کسی قسم کی بد عنوانی کی ہے اور نہ ہی میرے خلاف نیب انکوائری کر رہا ہے اس کے باوجود مجھے نااہل قرار دینا میری سمجھ سے بالا تر ہے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جس کا سربراہ عمران خان ایماندار شخص ہے وہ نواز شریف کی طرح چور نہیں ہے زرداری کی طرح ڈاکو نہیں اور نہ ہی مولانا فضل الرحمان کی طرح ہر حکومت میں شامل ہو جاتاہے انہوں نے ہمیشہ غریب عوام کیلئے بھرپور جدوجہد کی ہے اور کرتے رہیں گے ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات