ڈاکٹر حسن عسکری نے مارٹن کابلر سے ملاقات میں جرمنی کی یادیں تازہ کیں

بدھ 27 جون 2018 21:01

ڈاکٹر حسن عسکری نے مارٹن کابلر سے ملاقات میں جرمنی کی یادیں تازہ کیں
لاہور۔27 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2018ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے جرمن سفیر مارٹن کابلر سے ملاقات کے دوران جرمنی میں اپنے قیام کی یادیں تازہ کیں - نگران وزیر اعلی ڈاکٹر حسن عسکری نے بتایا کہ جرمنی کی معروف درسگاہ ہائیڈل برگ میں تین سال اقبال چیئر پر خدمات سرانجام دے چکے ہیں - جرمن سفیر مارٹن کابلر نے اس پر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ ڈاکٹر حسن عسکری سے ان کے مزید تاثرات بھی جاننا چاہیں گے - ڈاکٹر حسن عسکری نے بتایا کہ میں نے قیام کے دوران جرمن زبان سیکھی لیکن میں لیکچر انگلش میں دیا کرتا تھا - ہائیڈل برگ میں مختلف اقوام کے لوگوں سے سماجی رابطوں کا موقع ملا - انہوںنے بتایا کہ علامہ اقبال نے 1907ء میں دریائے نکرNECKER) (کے کنارے نظم میں جن خیالات اور محسوسات کا اظہار کیا وہ آج کے حالات پربھی صادق آتے ہیں - انہوںنے ڈاکٹر اینامیری شمیل کی اقبالیات کے فروغ کیلئے خدمات کا ذکر کیا - جرمن سفیرمارٹن کابلر نے ڈاکٹر حسن عسکری سے ملاقات کے دوران پرجوش جذبات کا اظہار کیا اور کہا کہ میں آپ کے بین الاقوامی جرائد میں شائع ہونے والے تجزیوںسے مستفید ہوا ہوں اور آپ کے جاندار تجزیوں سے متاثر ہوں اور مستقبل میں بھی مستفید ہونا چاہوں گا-