دی فرسٹ مائیکرو فنانس بینک کو ’’کلائنٹ پروٹیکشن سرٹیفکیٹ‘‘ سے نوازا گیا

بدھ 27 جون 2018 21:08

دی فرسٹ مائیکرو فنانس بینک کو ’’کلائنٹ پروٹیکشن سرٹیفکیٹ‘‘ سے نوازا ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2018ء) پاکستان میں مائیکرو فنانس بینکنگ کا آغاز کرنے والے ادارے دی فرسٹ مائیکرو فنانس بینک کو سمارٹ کیمپین کی جانب سے ’’کلائنٹ پروٹیکشن سرٹیفکیٹ(تحفظ صارفین کی سند)‘‘ سے نوازاگیا۔ بینک کی خدمات کا اعتراف صارفین کے تحفظ کے لئے بینک کی جانب سے پیش کی جانے والی مالیاتی پراڈکٹس اور سروسز کے غیر جانبدار تجزیے کے بعد کیا گیا۔

دی فرسٹ مائیکرو فنانس بینک کو یہ اعزاز مائیکروفنانس کے شعبے میںریٹنگ کرنے والی بین الاقوامی ایجنسی مائیکرو فنانزا ریٹنگ کی جانب سے دیا گیا، اس سلسلے میں انہیں پاکستان مائیکرو فنانس نیٹ ورک کی معاونت حاصل تھی۔ دی فرسٹ مائیکرو فنانس بینک پاکستان کے ان چند منتخب مائیکرو فنانس بینکوں میں شامل ہے جنہیں اپنے صارفین کے ساتھ بہترین اخلاقیات کے اعتراف میں اعزاز سے نوازا گیاہے۔

(جاری ہے)

اس کامیابی کے ساتھ، دی فرسٹ مائیکروفنانس بینک عالمی سطح پر 100 ایسے تصدیق شدہ اداروں کی فہرست میں شامل ہو چکا ہے جن کی تمام تر توجہ صارفین کو بہترین خدمات فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔ اس موقع پر دی فرسٹ مائیکرو فنانس بینک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور پریذیڈنٹ جناب عامر مسعود خان نے کہا کہ اپنی 16 سالہ خدمات کے دوران دی فرسٹ مائیکرو فنانس بینک نے صارفین کو مرکزی اہمیت دیتے ہوئے ان کے تحفظ کے لئے کئی ایک اقدامات کئے ہیں۔

ان اقدامات کا اعتراف بلا شبہ بینک کے لئے باعث فخر ہے۔ اس اعتراف کے نتیجے میں اپنے صارفین کی ضروریات کو سمجھنے کی صلاحیت میں اضافہ اور بینک کی کارکردگی کے اندرونی نظام میں بہتری پیدا ہوگی۔ اس کے علاو ہ ایسے طریقہ کار کی بنیاد رکھی جائے گی جس کے تحت صارفین کی انفرادی ضروریات کو سمجھتے ہوئے انہیں تجاویز پیش کی جاسکیں گی۔ سمارٹ کیمپین عالمی سطح پر کی جانے والی ایک سرگرمی ہے جس کی بنیاد مائیکرو فنانس کے شعبے میں صارفین کے تحفظ کے اصولوں پر رکھی گئی ہے۔

یہ سرٹیفکیٹ ایسے مالیاتی اداروں کو دیا جاتا ہے جو کہ سمارٹ کیمپین کے صارفین کے تحفظ سے متعلق سات بنیادی اصولوں کو اپنے ادارتی نظام میں شامل کرتے ہیں۔ ان میں پراڈکٹ کی مناسب خصوصیات اور فراہمی، قرضوں میں حد سے تجاوز کرنے سے تحفظ، شفافیت، ذمہ دارانہ قیمت، صارفین کے ساتھ منصفانہ اور باعزت رویہ، صارفین کے کوائف کا تحفظ اور شکایات کے ازالے کا طریقہ کار شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :