ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) انوار الحق سے لاہور کے پبلشرز اور پرنٹرز کی ملاقات

بدھ جون 21:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جون2018ء) ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) انوار الحق نے لاہور کے پبلشرز اور پرنٹرز سے ملاقات کی ۔ محمد عرفان،محمد امجد،محمد حیدر اور دیگر پرنٹرز اینڈ پبلشرز نے شرکت کی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر انڈسٹریز اظہر گجر اور اے ڈی سی آر طاہر فاروق بھی موجود تھے ۔اس موقع پر ڈی سی لاہور کیپٹن (ر) انوار الحق نے کہا کہ امیدواروں اور سیاسی پارٹیوں کے پوسٹرز،ہینڈ بل،بینرز ، پوٹریٹ اور پمفلٹس پر پرنٹرز اور پبلشرز کا نام درج ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ قر آنی آیات اوراحادیث رسول اور دیگر مذاہب کے اقوال کو پوسٹرز ،ہینڈ بل،بینرز، پوٹریٹ اور پمفلٹس پر درج نہ کیا جائے۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ پوسٹرز، پمفلٹس ،بینرز اور پوٹریٹ کی چھپائی الیکشن کمیشن سے منطور شدہ سائز کے مطابق ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ شہر کے تین ہزار پبلشرز اور پرنٹرز کی سخت مانیٹرنگ کی جائے اور مانیٹرنگ افسران فیلڈ میں الیکشن کے حوالے سے پرنٹنگ اورپبلشنگ کے مقامات کو چیک کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے پرنٹنگ اینڈ پبلشنگ کے ضابطہ اخلاق پر عمل نہ کرنے پر کارروائی ہوگی اور خلاف ورزی پر پرنٹنگ اور پبلشنگ پریس کو سیل کیا جائے گا۔ ایسوسی ایشن کے عہدہ داروں نے ضلعی انتظامیہ سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کیا جائے گا۔