عوام کو سبز باغ دکھانے کی بجائے عملی کام پر یقین رکھتے ہیں، سکندر شیرپائو

بدھ جون 21:14

عوام کو سبز باغ دکھانے کی بجائے عملی کام پر یقین رکھتے ہیں، سکندر شیرپائو
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جون2018ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئر مین سکندر حیات خان شیرپائو نے کہا ہے کہ عوام کو سبز باغ دکھانے کی بجائے عملی کام پر یقین رکھتے ہیں۔عوام قومی وطن پارٹی کی کارکردگی سے باخبر ہے۔عوام تبدیلی اور سبز باغ دکھانے والوں کو مسترد کرکے میرٹ اورکارکردگی کی بنیاد پر اپنے لئے مخلص اور ایماندار امیدواروں کا چنائو کرے۔

تحصیل تنگی کے یونین کونسل ہری چند حلقہPK-56میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی کی ماضی اور حال سے عوام باخبر ہے اور ہم نے ہمیشہ اور ہر موقع پر پختونوں کی فلاح اور ترقی کیلئے کام کیا اور یہی وجہ ہے کہ آج تمام پختونوں کی نظریں قومی وطن پارٹی پر لگی ہوئی ہیں۔انھوں نے کہا کہ ہم صاف ستھری اور خدمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں اورہمارے قول و فعل میں کوئی تضاد نہیں جو کہتے ہیں کرکے دکھاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں کی غیر سنجیدہ پالیسیوں کی بدولت پختون قوم اور خیبر پختونخوا کو جو نقصان پہنچا عوام آنے والے انتخابات میں ان کااحتساب کرکے ان کو بری طرح مسترد کردیںگے۔انھوں نے کہا کہ پختونوں سے مختلف نعروں کے ذریعے ووٹ بٹورا گیا اور ان کی فلاح و بہبود اور بہتری کیلئے کسی بھی حکمران جماعت نے کوئی کردار ادا نہیں کیا اور یہی وجہ ہے کہ وہ ان سے مایوس ہو کر بد ظن ہو چکے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں صوبہ کے وسائل پر پختونوں کا اختیار ہوں اور اس مقصد کو یقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں گے۔انھوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ اور پختونوں کو روزگار کی فراہمی یقینی بنانے سمیت صوبہ کے پسماندہ اضلاع کی تعمیر و ترقی،تعلیمی اور صحت کی سہولیات کی فراہمی قومی وطن پارٹی کی ترجیحات ہیں تاکہ پختونوں کی زندگیوں میں انقلابی تبدیلیاں لاکر ان کو ترقی یافتہ اقوام کی صفوں میں برابر لا کھڑا کردے۔