متحدہ اصلاحی اسلامی اور فلاحی کمیٹی کا اجلاس ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دو دفعہ اضافہ نگران حکومت کو بدنام کرنے کی سازش قرار

بدھ 27 جون 2018 21:16

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 جون2018ء) متحدہ اصلاحی اسلامی اور فلاحی کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز جنرل سیکرٹری میاں ارشد جاوید گوڑواڑہ کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں قانونی مشیر شکیل چندر، ترجمان سید شاہ جہان بادشاہ، اسرار نثار، احسن رشید گوڑواڑہ، سردار فرید چاند سنگھ، کامران مسیح، جہانزیب شنواری اور شاہ جہان آفریدی نے شرکت کی۔

اجلاس میں ماہ جون میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دو دفعہ اضافہ ظلم کی انتہا اور نگران حکومت کی بدنام کرنے کی سازش قرار دیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میاں ارشد جاوید گوڑواڑہ نے کہا کہ محض ماہ جون میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دو دفعہ اضافہ ظلم کی انتہا ہے اس سے مہنگائی کا طوفان آئے گا، مہنگائی کے طوفان کو روکنے کے لئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فی الفور واپس لیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ چیف جسٹس ثاقب نثار نے پی ایس او کے ڈپٹی ایم ڈی، سیکرٹری پٹرولیم، وزارت توانائی اور چیئرمین ایف بی آر کو طلب کرکے انتہائی احسن اقدام اٹھایا۔ میاں ارشد جاویدگوڑواڑہ نے کہا کہ اثر و رسوخ کے بل بوتے پر بینکوں سے اربوں کے قرضے لئے گئے جس سے بینک کنگال ہوگئے ہیں، پاکستان سٹیٹ آئل کے ڈپٹی ایم ڈی یعقوب ستار نے تیل کی مد میں 300 ارب قرضہ لینے کے انکشاف نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی اصلیت عوام کو دکھادی۔ انہوں نے بتایا کہ موبائل کارڈز پر 100 روپے میں 25 روپے کے ٹیکس کا خاتمہ کرکے چیف جسٹس ثاقب نثار نے عوام کے دل جیت لئے۔