الیکشن کمیشن کی انتخابی امیدواروں کو ضابطہ اخلاق پر عمل در آمد کی ہدایت

بدھ 27 جون 2018 21:18

الیکشن کمیشن کی انتخابی امیدواروں کو ضابطہ اخلاق پر عمل در آمد کی ..
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2018ء) ضلعی الیکشن نے انتخابی امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کریں بصورت دیگرا ن کے خلاف ضابطے کی کارروائی کی جائے گی۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر راولپنڈی Iملک سلیم اختر نی ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ انتخابی امیدواروں کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ وہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری انتخابی ضابطہ اخلاق کی پاسداری کریں وگرنہ انہیں قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ضلعی الیکشن کمیشن راولپنڈی کی جانب سے انتخابی ضابطہ ا خلاق کی پاسداری کے لیے بھرپور اقدامات کیے جارہے ہیں اور شہر بھر میں انتخابی امیدواروں کی جانب سے خلاف ضابطہ لگائے گئے بینرز ہٹوا دیئے گئے ہیں ۔ملک سلیم اختر نے کہاکہ ضلعی حکومت ،الیکشن کمیشن اور انتخابی امیدواروں کے نمائندوں کی مشاورت سے طے شدہ اور منظور شدہ سائز اور قسم کے بینرز لگانے کی اجازت دی جائے گی ۔انہوں نے کہاکہ مرکزی الیکشن کمیشن کی جانب سے طے شدہ انتخابی ضابطہ ا خلاق کی مکمل پاسداری کروائی جائے گی اور اس ضمن میں کسی قسم کا دبائو قبول نہیں کیا جائے گا۔