35پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کی گرفتاری، 28لاکھ روپے سے زائد کی ریکوری

بدھ جون 21:18

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جون2018ء) ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی نے 35پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کو گرفتار کر کے 28لاکھ روپے سے زائد کی ریکوری کر لی ۔ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر پراپرٹی نعمان خالد نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایاکہ نادہندگان سے واجبات کی وصولی کی مہم تیز کر دی گئی ہے اور ڈیفالٹرز کی گرفتاریوں کا بھی سلسلہ جاری ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی نے نادہندگان کے خلاف 16جون سے جاری کریک ڈائون کے دوران اب تک 35جائیداد مالکان کو گرفتار کر کے ان سے مجموعی طور پر 2833413روپے کی رقم وصول کی گئی ہے ۔انہوں نے قومی خبرا یجنسی کو بتایاکہ پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری ہے جس کے دوران گوجر خان سے ایک صوبائی امیدوار کی گرفتاری بھی عمل میں لائی گئی ۔انہوں نے بتایاکہ واجبات کی مکمل ادائیگی پرہی گرفتار شدگان کو رہا کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ 30جون تک ہدف کے حصول کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور کارروائی جاری ہے۔