نالہ لئی کی صفائی کا کام 30جون تک مکمل کرنے کا ہدف ،حفاظتی دیوار کی تعمیر مکمل ہو گئی

واسا راولپنڈی نے مون سون بارشوں میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جامع منصوبہ بندی کر لی

بدھ 27 جون 2018 21:18

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2018ء) واسا راولپنڈی نے مون سون بارشوں میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جامع منصوبہ بندی کر لی ۔ منیجنگ ڈائریکٹر واسا راولپنڈی راجہ شوکت محمود نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ واسا راولپنڈی نے مون سون2018 پلان کو حتمی شکل دے دی ہے جس میں سیوریج لائنوں کی صفائی ، نالہ لئی کی سالانہ بھل صفائی کے ساتھ ساتھ واسا کی مشینر ی کی انسپکشن اور مون سون میں ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے ٹیموں کی تشکیل شامل ہے ۔

قومی خبر رساں ادارے کو دستیاب اعدادوشمار کے مطابق واسا ایریا میں تمام سیوریج لائنوں کی صفائی کا کام 15 جون تک مکمل کیا گیا۔ فیڈرل فلڈ کمیشن ، 111 بریگیڈ اور ریسکیو 1122 کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوںبتایا کہ واسا مشینری جس میں ڈی واٹرنگ سیٹ، سکر و جیٹنگ مشین، واٹر بوزر، اور سیور کلیننگ راڈنگ مشینیںشامل ہیں تمام چالو حالت میں ہیں ۔

(جاری ہے)

جبکہ نالہ لئی کی سالانہ بھل صفائی کے منصوبے پر کام آخری مراحل میں ہے اور 30 تک جون تک مکمل کر لیا جائے گا ۔ منصوبے کے تحت کٹاریاں پل سے پھگواڑ ی اور پیر ودھائی پل ، پیر ودھائی سے رتہ ، سٹی صدر ، سٹی صدر سے گوالمنڈی تک نالے کی صفائی کا کام کیا گیاہے ۔ اور اس مقصد کیلئے Excavators, ، لوڈرز اور ڈمپرز کی مدد سے اہم پوائنٹس کو کلیر کرنا، نالے کے دونوں کناروں سے کوڑاکرکٹ کو ہٹانا، چینل میںبننے والے مٹی کے تودوں کو نکالنا اور پانی کی بہائو کو بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ پلوں کے نیچے اور آ س پاس بننے والی رکاوٹوں کو دور کیا گیا ۔

جبکہ پیر ودھائی پل کے اپ سٹریم قبرستان کے ساتھ ساتھ 1200 فٹ لمبی اور 28 فٹ اونچی دیوار کی تعمیر بھی مکمل کر لی گئی ہے ۔ جس کا مقصد کٹائو کی وجہ سے قبرستان کو نقصان سے بچاناہے ۔اس کے ساتھ ساتھ واسا راوالپنڈی نے شہریوں کیلئے مون سون کے دوران حفاظتی پروگرام بھی ترتیب دیا ہے شہری کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں واسا سے رابطہ کر سکتے ہیں ۔ واسا نے شہر میں مختلف جگہوں پرڈائریکٹر سیوریج کی نگرانی میں چار عدد " واسا فلڈرسپانس یونٹ" اور لیاقت باغ میں مون سون سے واٹر سپلائی متاثر ہونے کی صورت واسا واٹر سپلائی رسپانس یونٹ قائم کیا ہے جہاں تمام ضروری مشینری اور عملہ چوبیس گھنٹے موجود ہوگا۔

اس موقع پر فیڈرل فلڈ کمیشن کے سینئر انجینئر ظفر احمد ، پرنسپل ریور انجینئر ، 111 بریگیڈ سے میجر شازیب علی بھٹی ، اور ریسکیو1122 کے نمائندے موجو د تھے ۔ بریفنگ کے بعدکمیٹی نے لیاقت باغ میں واسا کی مشینری کی انسپکشن کی اور نالہ لئی کا تفصیلی دورہ کیا اور کام کام معائنہ کیا ۔کمیٹی ممبران نے تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور نالہ لئی کی صفائی کے کام کو تسلی بخش قرار دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :