ضلع چکوال کے ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز کیلئے فائر سیفٹی ٹریننگ کا انعقاد

اوگرا اور گورنمنٹ آف پنجاب کے قوانین پر مکمل عملدرآمد کرکے آگ لگنے کے واقعات پر قابو پایا جاسکتا ہے ، سول ڈیفنس آفیسر

بدھ 27 جون 2018 21:19

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 جون2018ء) ضلع چکوال کے LPG ڈسٹری بیوٹرز کیلئے فائر سیفٹی ٹریننگ کا انعقاد۔ تفصیلات کے مطابق غلام صغیر شاہد ڈپٹی کمشنر /کنٹرولر سول ڈیفنس چکوال کی ہدایات پر ضلع بھر کے LPGڈسٹری بیوٹرز کے لئے دو روزہ فائر سیفٹی ٹریننگ کا انعقاد سول ڈیفنس آفس چکوال میں کیا گیا۔ اس سلسلے میں تمام شرکاء کو آگ کی اقسام، آگ کو ابتدائی سطح پر کنٹرول کرنے کے طریقے ، آگ لگنے کی وجوہات اور فائر فائٹنگ ، فسٹ ایڈ اور ایمرجنسی کے متعلق ٹریننگ دی گئی۔

اس موقع پر طالب حسین سول ڈیفنس آفیسر نے شرکاء ٹریننگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اوگرا اور گورنمنٹ آف پنجاب کے قوانین پر مکمل عملدرآمد کرکے آگ لگنے کے واقعات پر قابو پایا جاسکتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام LPGڈسٹری بیوٹرز کے لئے ضروری ہے کہ تمام آؤٹ لیٹس / سیل پوائنٹس میں کم از کم دو عدد آگ بجھانے والا آلہ معہ زائد سہولت دو عدد ریت کی بالٹیاں ، دو عدد پانی کی بالٹیاں موجود ہوں، دوکان کے مالک کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس امر کو یقینی بنائے کہ وہ اور اس کا تمام عملہ آگ بجھانے والے آلات کو چلانا جانتا ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز اور ان کے مجاز سب ڈسٹری بیوٹرز کے علاوہ کسی کو بھی ایل پی جی کاکام کرنے کی اجازت نہ ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آؤٹ لیٹس / سیل پوائنٹس کو کسی بھی ایسی بلڈنگ میں کھولا جائے جو ایسے مواد سے بنی ہو جس میں آگ بآسانی لگ سکتی ہو یا آگ پکڑ سکتی ہو ۔ تمام آؤٹ لیٹس میں ہوا کی گزرگاہ کا مناسب بندوبست موجود ہونا چاہیے اور ان میں چھت کے قریب ایک روشندان ، کھڑکی یا ایسا خارجی راستہ ضرور ہونا چاہیے جہاں سے گیس بآسانی باہر نکل سکے اور تمام دوکانوں میں ایگزاسٹ فین نصب ہونا چاہیے اور بجلی کی اوپن وائرنگ کی ہرگز اجازت نہ ہے ۔

ٹریننگ کے اختتام پر انہوں نے تمام LPGڈسٹری بیوٹرز کا شکریہ ادا کیا اور بالخصوص عرفان کھوکھر چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹر ایسوسی ایشن پاکستان کا خصوصی شکریہ ادا کیا، جن کی خصوصی دلچسپی اور کاوش سے ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز سول ڈیفنس ٹریننگ کے لئے راغب ہوئے ۔