آزادانہ، شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے تمام انتظامات یقینی بناناالیکشن کمیشن کی بنیادی ذمہ داری ہے، راجہ ظفر الحق

چیف الیکشن کمشنر کو تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابات میں حصہ لینے کیلئے مساوی مواقع فراہم کرنے کا کہا ہے، میڈیا سے گفتگو

بدھ 27 جون 2018 21:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2018ء) سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر راجہ ظفرالحق نے کہا ہے کہ آزادانہ، شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے تمام انتظامات یقینی بناناالیکشن کمیشن کی بنیادی ذمہ داری ہے، چیف الیکشن کمشنر کو تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابات میں حصہ لینے کیلئے مساوی مواقع فراہم کرنے کا کہا ہے ۔

سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر راجہ محمد ظفر الحق نے یہ بات بدھ کو مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء زاہد حامد کے ہمراہ چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کے بعد الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا کہ آزادانہ، شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے تمام انتظامات یقینی بناناالیکشن کمیشن کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کے دوران انہیں انتخابی عمل میں تمام سیاسی جماعتوں کو مساوی مواقع فراہم کرنے کا کہا ہے تاکہ یہ تاثر ختم ہو کہ چند سیاسی جماعتوں کیلئے مشکلات پیدا کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے اپنا کام جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کیساتھ ملاقات میں مسلم لیگ (ن) کے این اے 59 سے امیدوار انجینئر قمر الاسلام کی گرفتاری کے معاملہ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔