لیسکو کا عملہ صارفین کی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنائے‘ چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ

بدھ 27 جون 2018 21:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2018ء) چیف ایگزیکٹو لیسکو مجاہد پرویز چٹھہ نے لاہور سمیت لیسکو ریجن میں بارشوں کی پیشنگوئی کے پیشِ نظر لیسکو کے عملے کو ہمہ وقت الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ لیسکو کا عملہ صارفین کی شکایات کے فوری ازالے کو ہر صورت یقینی بنائے ۔انہوں نے شہریوں سے کہا ہے کہ بارشوں کے دوران حفاظتی تدابیر اپنائیں کیونکہ ذرا سی بے احتیاطی کسی بڑے نقصان یا حادثے کا بھی سبب بن سکتی ہے ۔

لیسکو کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیئے کے مطابق لاہور اور گردونواح میں گزشتہ رات آنے والی طوفانی بارش کے باعث متاثر ہونے والے تمام فیڈرز سے بجلی کی سپلائی بحال کردی گئی ہے۔لیسکو ترجمان کے مطابق گزشتہ رات کے طوفان اور اس کے بعد ہونے والی شدید بارش کے نتیجے میں لیسکو کے 350فیڈرز ٹرپ ہوئے تھے جس کے بعد لیسکو کے چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ کی خصوصی ہدایت پر فیلڈا سٹاف فوری طور پر حرکت میں آیا اور رات ہی 347 متاثرہ فیڈرز سے بجلی کی سپلائی دوبارہ بحال کر دی۔

(جاری ہے)

جبکہ بقایا 3فیڈرز کے سپلائی علی الصبح بحال کردی گئی۔ مرکزی سسٹم کو مکمل طور پر بحال کرنے کے بعد اکا دکا علاقوں میں بجلی سے متعلق انفرادی شکایات کے سلسلے میں لیسکو کا فیلڈا سٹاف پوری طرح سے متحرک ہے اور کسی بھی قسم کی شکایت کا فی الفور ازالہ کیا جا رہا ہے۔