بائیس کروڑ آبادی کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے لائیو سٹاک اور ڈیری سیکٹر کا کردار انتہائی اہم ہے‘نعمان کبیر

لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے دودھ کی پیداوار میں اضافے کیلئے عالمی سطح پر رائج جدید ماڈلز متعارف کروائے جا رہے ہیں‘ صوبائی وزیر

بدھ جون 21:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جون2018ء) نگران صوبائی وزیر لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ میاں نعمان کبیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی بائیس کروڑ آبادی کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے لائیو سٹاک اور ڈیری سیکٹر کا کردار انتہائی اہم ہے، پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن کو چاہئے کہ بڑھتی ہوئی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ریسرچ پر توجہ دے تا کہ دودھ ، گوشت اور انڈوںکی اضافی پیداوار حاصل کر کے لوگوں کو سستے داموں مہیا کی جاسکیں۔

یہ بات انہوں نے اپنے آفس میں ڈی جی فوڈ اتھارٹی نور لاامین مینگل اور پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات میں کہی۔اس موقع پر پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن کے وفد میں چیمبر آف کامرس ، نیسلے، اینگروفوڈ،حلیب سمیت مختلف پرائیویٹ کمپنیوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے روز مرہ کی خالص اشیائے خوردو نوش کی فراہمی کیلئے کیے جانے والے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے اقدامات پر ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نور الامین مینگل کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ دودھ کی پیداوا ر میں اضافے کیلئے لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ کے موثراقدامات اٹھا رہا ہے۔انہوں نے دودھ دینے والے جانوروں کی با قاعدگی سے ویکسینیشن کے ساتھ ساتھ فارمرز کو آگاہی دینے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے دودھ کی پیداوار میں اضافے کیلئے عالمی سطح پر رائج جدید ماڈلز متعارف کروائے جا رہے ہیں ۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی پنجاب نورالامین مینگل نے کہا کہ ڈیری پروڈکس کی پیداوار میں اضافے کیلئے پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔عوام کو خالص دودھ کی فراہمی کیلئے آگاہی دی جا رہی ہے ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان ڈیری ایسو سی ایشن کے وفد کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔۔پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن کے وفد نے ڈیری انڈسٹری سے متعلق تمام سٹیک ہولڈرز کو ایک میز پر اکٹھا کرنے پر پنجاب حکومت کا شکریہ اداکیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ لائیو سٹاک اور فوڈ اتھارٹی پنجاب سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لینے کا کریڈیٹ صوبائی وزیر کو جاتا ہے۔