بلدیہ وسطی میں برساتی نالوں اور شاہراہوںکی صفائی تسلسل سے جاری

نالوں سے نکالے جانے والے کوڑے کرکٹ اور گاربیج ٹرانسفر اسٹیشن سے جمع شدہ کچرے کو بلا تاخیر شہر سے باہر منتقل کیا جائے،چیئرمین بلدیہ وسطی

بدھ 27 جون 2018 21:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2018ء) چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے بارشوں کی پیش گوئی کے سبب برساتی نالوں کی خصوصی صفائی مہم کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ برساتی نالوں کی خصوصی صفائی مہم کے دوران نالوں سے نکالے جانے والے کوڑے کرکٹ(گپ) اور گاربیج ٹرانسفر اسٹیشن سے جمع شدہ کچرے کو بلا تاخیر شہر سے باہر منتقل کیا جائے انہوں نے سینی ٹیشن ڈپارٹمنٹ کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایک جگہ صاف کرکے دوسری جگہ گندگی پھیلانے کا سبب نہ بنیں بلکہ برساتی نالوں سے نکالے جانے والے کچرے کو وقت ضائع کئے بغیر ڈمپنگ پوائنٹ پر پہنچادیا جائے بلدیہ وسطی میں چیئرمین ریحان ہاشمی کی ہدایت پر جاری برساتی نالوں اور شاہراہوںکی صفائی تسلسل کے ساتھ جاری ہے ۔

سینی ٹیشن ڈپارٹمنٹ کا عملہ چاروں زونز کے مختلف علاقوںمیں دن رات صفائی میں مصروف ہے۔

(جاری ہے)

ریحان ہاشمی کے دورمیں برساتی نالوں کی صفائی پر پچھلے ادوار کے مقابلے میں زیادہ توجہ دی گئی۔مذکورہ صفائی مہم گذشتہ شبِ ہفتہ سے شروع کی گئی تھی جس میں بلدیہ وسطی کے سینی ٹیشن ڈپارٹمنٹ کے افسران کے علاوہ سینکڑوں کی تعداد میں کارکنان مصروفِ عمل ہیں جبکہ ہلکی اوربھاری مشینریز بھی استعمال کی جارہی ہیں۔

بلدیہ وسطی کے پاس مناسب تعداد میں ہیوی مشینری نہ ہونے کے باعث نجی اداروں سے ہیوی مشینری کرائے پر لی گئی ہے تاکہ صفائی کے کام میں کسی قسم کا خلل نہ پیداہو۔ 70میں سے پچاس فیصد Chockپوائنٹس کو کلیر کیا جاچکا ہے جبکہ باقی پوائنٹس کی صفائی کی جارہی ہے۔اُدھر مون سون بارشوں کی پیش گوئی بھی صفائی کے کاموں کے لئے ایک خطرہ کی شکل میں سر پر منڈلارہی ہے ۔

بارش کے امکان کو نظر میں رکھتے ہوئے ریحان ہاشمی نے سینی ٹیشن ڈپارٹمنٹ کو ہدایت کی ہے کہ نالوں سے نکالے جانے والے کوڑے کو فی الفور ڈمپنگ پوائنٹ پر منتقل کیا جائے تاکہ بارش صفائی کے کاموں پر پانی نہ پھیر دے۔انہوں نے روزمرّہ کی صفائی میں مصروف سینٹری ورکرز کو ہدایت کی کہ وہ روزآنہ جمع ہونے والے گھریلواور تجارتی علاقوں کے کچرے کو باقاعدگی سے ڈسپوز کریں تاکہ کسی بھی علاقے میں کوڑے کا بیک لاگ نہ بننے پائے۔ مذکورہ مہم میں ابھی تک پیالہ ہوٹل واٹر پمپ، گلبرگ چورنگی،رشید ترابی روڈ، پیپلز چورنگی ، ضیأ الدین چورنگی، نیوکراچی سات ہزار روڈ ،نالہ اسٹاپ، ناگن چورنگی شاہراہِ زاہد ، انڈہ موڑ پر برساتی نالوں اور شاہراہوں کی صفائی تقریباً مکمل ہوچکی ہے ۔

متعلقہ عنوان :