کے الیکٹرک نے بجلی چوروں کے خلاف مہم تیز کر دی، آٹھ ایف آئی آر درج

بدھ 27 جون 2018 21:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2018ء) کے الیکٹرک نے بجلی چوری اور غیر قانونی طریقے سے بجلی کے حصول کے خلاف مہم کے دوران ، ضلع ملیر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے ،آٹھ افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کروائیں۔کے الیکٹرک کی آئی بی سی جوہر II-نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جن میں بھکر گوٹھ، ایوب گوٹھ، میمن نگر، جہانگیر ٹاؤن، کوئٹہ ٹاؤن اور روفی سوئٹ ہومز شامل ہیں۔

چھاپوں کے دوران رہائشی عمارتوںسے بجلی کے غیر قانونی کنکشن منقطع کرنے کے علاوہ کولڈ اسٹوریج فیکٹری اور فوڈ پروسیسنگ پلانٹ کے غیر قانونی کنکشن بھی ختم کیے گئے۔کے الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق،’’بجلی چوری کا سراغ لگانے اور بجلی چوروں کو پکڑنے کے لیے پاور یوٹیلٹی ڈسٹری بیوشن کی سطح پر توانائی کے مؤثر آڈٹ اور جدید انرجی مینجمنٹ سسٹمز استعمال کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

بجلی چوری کی روک تھام سے صارفین کو کافی فائدہ ہو تا ہے کیوں کہ اس سے کی بدولت بجلی کی قابل بھروسہ فراہمی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ کے الیکٹرک بجلی کی چوری کا خاتمہ کرنے کے لیے کوشاں ہے اور اس برائی سے چھٹکارا حاصل کرنے لیے معاشرے کی معاونت کو سراہتی ہے۔‘‘بجلی چوری اور غیر قانونی طریقے سے بجلی کے حصول کے خاتمے کے لیے کے الیکٹرک کی مسلسل کوششوں سمیت دیگر اقدامات سے ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن (T&D) لاسز میں 2009ء سے اب تک تقریباً 14 فیصد کمی آئی ہے ۔بجلی چوری کے بارے میں رپورٹ 118 یا 021-99000 پر کال کر کے یا کے الیکٹرک کے فیس بک اور ٹوئٹر پیجز کے ذریعے یا [email protected]پر ای میل کے ذریعہ کی جاسکتی ہے۔